’نریندر مودی اور بی جے پی حکومت نے ملک کا بھٹہ بیٹھا دیا ہے‘، حمیرپور حادثہ کے بعد کانگریس کا تلخ تبصرہ
کانگریس کا کہنا ہے کہ اقتدار میں بیٹھے لیڈران اور وزراء عوامی پیسے کی بندر بانٹ کر کے اپنی تجوریاں بھر رہے ہیں، جبکہ اس کا خمیازہ عام لوگوں کو اپنی جانوں کی صورت میں بھگتنا پڑ رہا ہے۔

کانگریس نے بی جے پی حکومت پر ایک بار پھر شدید حملہ بولتے ہوئے ملک میں تعمیراتی منصوبوں میں مبینہ بدعنوانی، ناقص تعمیراتی معیار اور عوامی وسائل کی لوٹ کھسوٹ کے الزامات عائد کیے ہیں۔ پارٹی نے اپنے آفیشل ’ایکس‘ ہینڈل پر 2 الگ الگ پوسٹس کے ذریعے اتر پردیش میں پیش آئے حالیہ واقعات کو بنیاد بناتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی، بی جے پی حکومت اور صنعت کار گوتم اڈانی کو نشانہ بنایا۔
کانگریس کی پہلی پوسٹ اتر پردیش کے حمیرپور ضلع میں 29 مئی کی علی الصبح بیتوا ندی پر زیر تعمیر پل کا سلیب گرنے کے حادثے سے متعلق تھی۔ پارٹی نے الزام لگایا کہ اس حادثہ میں 6 مزدوروں کی جان چلی گئی اور اس سانحے کے پیچھے بی جے پی کی ’بدعنوانی اور گھپلے بازی‘ ذمہ دار ہے۔ کانگریس نے لکھا کہ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے، بلکہ ملک کے مختلف حصوں میں سڑکیں، پل، ہائیوے اور پانی کی ٹنکیاں مسلسل گر رہی ہیں، جو مبینہ طور پر بدعنوانی اور ناقص تعمیراتی کام کا نتیجہ ہیں۔
پارٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ اقتدار میں بیٹھے لیڈران اور وزراء عوامی پیسے کی بندر بانٹ کر کے اپنی تجوریاں بھر رہے ہیں، جبکہ اس کا خمیازہ عام لوگوں کو اپنی جانوں کی صورت میں بھگتنا پڑ رہا ہے۔ کانگریس نے یہ بھی الزام لگایا کہ نریندر مودی اور بی جے پی حکومت نے ملک کا بھٹہ بیٹھا دیا ہے اور اس کے بنیادی ڈھانچے کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔
دوسری جانب کانگریس نے گنگا ایکسپریس وے کے ایک حصے کی مبینہ خراب حالت کو لے کر بھی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ پارٹی نے دعویٰ کیا کہ اس ایکسپریس وے کا افتتاح ایک ماہ قبل ہی وزیر اعظم نریندر مودی نے کیا تھا، لیکن اب اس کی سڑک خستہ حالت میں نظر آ رہی ہے۔ کانگریس نے الزام لگایا کہ یہ پروجیکٹ اڈانی گروپ نے تیار کیا ہے اور اس میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی کی گئی ہے۔
اپنی پوسٹ میں کانگریس نے سخت زبان استعمال کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے کروڑوں روپے لوٹ کر ’دو کوڑی کی سڑک‘ بنائی گئی ہے۔ پارٹی نے مودی اور اڈانی کے تعلقات پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے ’موڈانی‘ کی اصطلاح استعمال کی اور دعویٰ کیا کہ یہ جوڑی ’مہا بدعنوان‘ ہے اور ملک کے لیے خطرناک ثابت ہو رہی ہے۔
کانگریس نے اپنے بیان میں الیکشن کمیشن اور ای وی ایم سے متعلق بھی تبصرہ کیا۔ پارٹی نے دعویٰ کیا کہ اڈانی کو معلوم ہے کہ ان کا ’دوست‘ عوامی ووٹوں سے نہیں بلکہ ’ای وی ایم اور الیکشن کمیشن کی کرتب بازی‘ کے ذریعے اقتدار میں آیا ہے، اسی لیے عوامی مفادات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
