نریندر مودی اور ان کی پالیسی نے معیشت کو تباہ کر دیا: راہل گاندھی

شیئر بازارمیں جو ہو رہا ہے اس سے لاکھوں افراد کا کروڑوں کا نقصان ہوا ہے۔ ہندوستان کی معیشت کو مودی اور ان کی پالیسی نے تباہ کر دیا ہے۔

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی پالیسی نے معیشت کو تباہ کر دیا ہے اور ملک کی معاشی صورتحال بے حد خراب ہوگئی ہے لہٰذا مودی کو اس بارے میں بیان دینا چاہیے۔

راہل گاندھی نے پارلیمنٹ کے احاطے میں جمعرات کو صحافیوں سے کہا کہ شیئر بازارمیں جو ہو رہا ہے اس سے لاکھوں افراد کا کروڑوں کا نقصان ہوا ہے۔ ہندوستان کی معیشت کو مودی اور ان کی پالیسی نے تباہ کر دیا ہے۔ درست بات یہ ہے کہ انھیں معیشت کی اطلاع نہیں ہے لیکن جو معاشی صورتحال پیدا ہوئی ہے اس کے پیش نظر وزیر اعظم کو معلومات دینی چاہیے۔


انہوں نےکہا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ نے ملک کی معیشت کو بہترڈھنگ سے چلایا ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ کانگریس معیشت کو درست ڈھنگ سے سمجھتی ہے۔ معیشت کو کیسے آگےبڑھانا ہے‘کانگریس کو اس کا فہم ہے لیکن مودی یہ نہیں سمجھتے ہیں۔ راہل گاندھی نے کہا کہ سنہ 2008 میں جب پوری دنیا میں کسادبازاری آئی تھی تو ہندوستان نے اس بحران کا بخوبی سامنا کیا۔ اس کی وجہ ہے کہ کانگریس معیشت کو چلانا جانتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی نے نوٹ بندی اور غلط جی ایس ٹی نافذ کرکے معیشت کو جو شدید نقصان پہنچایا وہ اب ناسور بن گیا ہے۔ ملک کو مودی سوچ کے سبب بہت بڑا نقصان پہنچا ہے۔ کورونا وائرس سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اس سمت میں حکومت کو جو اقدامات کرنے چاہئیں تھے وہ نہیں کیے۔ کورونا وائرس ملک میں پھیل رہا ہے لیکن حکومت کے پاس اسے روکنے کے لیے کوئی ٹھوس انتظام نہیں ہے۔ یہ بہت سنگین مسئلہ ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے قدم اٹھائے جانے کی ضرورت ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ حکومتِ ہند اس کی حساسیت کو نہیں سمجھ سکی ہے لہٰذا بہت سنجیدہ کوششیں نہیں کی جارہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔