ادھو ٹھاکرے نے ناندیڑ اسپتال میں ہونے والی اموات کی سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا

شیوسینا (یو بی ٹی) کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے مہاراشٹر حکومت پر بدعنوانی کا الزام لگایا اور ناندیڑ کے اسپتال میں ہونے والی حالیہ اموات کی 'سی بی آئی انکوائری' کا مطالبہ کیا

ادھو ٹھاکرے، تصویر سوشل میڈیا
ادھو ٹھاکرے، تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: شیوسینا (یو بی ٹی) کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے مہاراشٹر حکومت پر بدعنوانی کا الزام لگایا اور ناندیڑ کے اسپتال میں ہونے والی حالیہ اموات کی 'سی بی آئی انکوائری' کا مطالبہ کیا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے ٹھاکرے نے کہا کہ ریاست کا نظام صحت 'ایجنٹوں'، پوسٹنگ کے لیے ریٹ کارڈ، سودوں میں کمیشن اور دیگر بدعنوانی کے سبب تباہ ہو گیا ہے۔ یہ وہی نظام صحت ہے جو میرے پاس اس وقت تھا جب میں کوویڈ 19 وبائی امراض کے دوران مہا وکاس اگھاڑی حکومت کی قیادت کر رہا تھا۔‘‘


ٹھاکرے نے کہا، ’’ہمارے پاس وہی ڈاکٹر، عملہ، انفراسٹرکچر اور دیگر چیزیں تھیں، جنہوں نے کورونا ایمرجنسی کے دوران بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا لیکن اب صورتحال کو دیکھیں، کیا غلط ہوا ہے۔‘‘ انہوں نے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے پر تنقید کی کہ جس وقت یہاں کے سرکاری ہسپتالوں میں لوگ مر رہے تھے تو وہ نئی دہلی میں بیٹھ کر اس بات پر بحث کر رہے تھھے کہ ماؤنوازوں کے مسئلے سے کیسے نمٹا جائے!

سابق وزیر اعلیٰ نے کہا، ’’وزیر اعلیٰ اور دونوں نائب وزرائے اعلیٰ (دیویندر فڑنویس اور اجیت پوار) کو ناندیڑ جانا چاہیے تھا، صورت حال کا مطالعہ کرنا چاہیے تھا اور اصلاحی اقدامات کرنے چاہئیں تھے۔

ادویات اور دیگر ضروریات کی مبینہ قلت کا ذکر کرتے ہوئے ٹھاکرے نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران، ایم وی اے حکومت دور دراز علاقوں میں، یہاں تک کہ ڈرون کے ذریعے بھی، لوگوں کو ادویات اور ویکسین فراہم کرتی تھی۔


انہوں نے کہا ’’ابھی کوئی وبائی بیماری نہیں ہے، پھر بھی یہ ایک افسوسناک صورتحال ہے۔ اس حکومت کے پاس ایم ایل اے کو گجرات، گوہاٹی لے جانے، اشتہارات جاری کرنے، وزراء یا ایم پیز-ایم ایل اے کے غیر ملکی دوروں اور ایم وی اے حکومت کو گرانے کے لیے وزارتی عہدوں کے لیے آپس میں لڑنے کے لیے پیسے ہیں لیکن غریب مریضوں کے لیے پیسے نہیں ہیں۔‘‘

وزیر صحت تانا جی ساونت کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے شیو سینا (یو بی ٹی) کے سربراہ ٹھاکرے نے کہا کہ وہ صرف اشتہاری پوسٹروں میں نظر آتے ہیں۔ ٹھاکرے نے پوچھا، ’’صرف ناندیڑ کے ڈین پر ہی غیر ارادی قتل کا مقدمہ کیوں درج کیا گیا ہے؟ کیا ٹرن کوٹ ایم پی (پاٹل) کے خلاف مظالم کا مقدمہ درج ہونے کے بعد انہیں (ڈین کو) جان بوجھ کر نشانہ بنایا جا رہا ہے؟‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔