ناگپور کی ایلومینیم فیکٹری میں خوفناک دھماکہ اور آگ، پانچ افراد ہلاک

مہاراشٹر کے ناگپور میں ایلومینیم فویل فیکٹری میں زوردار دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، حادثے میں پانچ افراد ہلاک اور چھ زخمی ہو گئے، فائر بریگیڈ نے کئی گھنٹوں میں آگ پر قابو پایا

<div class="paragraphs"><p>سوشل میدیا</p></div>

سوشل میدیا

user

قومی آواز بیورو

مہاراشٹر کے ضلع ناگپور کے علاقے اُمریڈ ایم آئی ڈی سی میں جمعہ کی شام ایک ایلومینیم فویل فیکٹری میں زوردار دھماکے کے بعد بھیانک آگ لگ گئی، جس میں پانچ افراد ہلاک اور چھ زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق دھماکہ شام تقریباً سات بجے ہوا اور اس کے بعد فیکٹری میں آگ تیزی سے پھیل گئی۔

مقامی پولیس اور فائر بریگیڈ کے مطابق، ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ آگ ایلومینیم پاؤڈر کے باعث بھڑکی، جو آگ کے پھیلاؤ میں شدت کا باعث بنا۔ یہ دھماکہ فیکٹری کی پالش ٹیوبنگ یونٹ میں ہوا تھا۔ فیکٹری میں کام کرنے والے مزدوروں کو باہر نکالنے کی کوشش کی گئی، تاہم آگ کی شدت کے باعث کئی افراد بری طرح جھلس گئے۔


زخمیوں کو فوری طور پر ناگپور کے سرکاری میڈیکل کالج اور اسپتال (سی ایم سی ایچ) منتقل کیا گیا، جہاں دو زخمیوں نے علاج کے دوران دم توڑ دیا۔ تین دیگر افراد جو ابتدائی طور پر لاپتہ تھے، بعد میں ان کی بھی موت کی تصدیق ہو گئی۔ اس طرح اس واقعے میں مجموعی طور پر پانچ افراد کی موت واقع ہوئی ہے۔

ناگپور کے دیہی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) ہرش پودار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حادثہ بہت سنگین نوعیت کا تھا اور فیکٹری میں موجود کیمیکل مواد نے آگ کو مزید بھڑکایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔

دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کے بعد اٹھنے والا دھواں ایک کلومیٹر دور تک دیکھا گیا۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فیکٹری کے باہر فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موجود ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔


پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور فیکٹری مالکان سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ ابتدائی طور پر یہ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فیکٹری میں حفاظتی اقدامات کا فقدان تھا، جس کی وجہ سے اتنا بڑا سانحہ پیش آیا۔ حادثے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ فیکٹری سے پہلے بھی دھواں اٹھتا رہا ہے اور کئی بار شور شرابے کی آوازیں بھی سنائی دی ہیں، لیکن اس بار ہونے والا دھماکہ غیر معمولی تھا۔

حکام نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ہے اور حادثے کی مکمل تحقیقات کا وعدہ کیا ہے تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔