ناگالینڈ تشدد: مہلوکین کے اہل خانہ کو 11 لاکھ روپے اور سرکاری ملازمت دینے کا اعلان

ناگالینڈ پولیس نے پیر کے روز 21ویں پیرا ایس ایف کمانڈوز کے خلاف شہریوں پر گولی باری میں مبینہ طور پر ملوث ہونے اور قتل کا معاملہ درج کیا۔

ناگالینڈ، تصویر آئی اے این ایس
ناگالینڈ، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

ناگالینڈ تشدد کے دوران 14 لوگوں کے ہلاک ہونے کی خبریں اب تک سامنے آ چکی ہیں۔ ناگالینڈ کے وزیر اعلیٰ نیفیو ریو نے ان مہلوکین کے حوالے سے ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے اہل خانہ کو حکومت 11 لاکھ روپے اور سرکاری ملازمت دے گی۔ وزیر اعلیٰ نے یہ جانکاری سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر کے ذریعہ دی۔

دوسری طرف پارلیمنٹ میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ناگالینڈ میں سیکورٹی فورسز کی مبینہ گولی باری میں ہوئی ہلاکتوں پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے پیر کے روز کہا کہ اس کی جانچ کے لیے ایک خصوصی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی گئی ہے اور سبھی ایجنسیوں سے یہ یقینی کرنے کو کہا گیا ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔


بہر حال، ناگالینڈ پولیس نے پیر کے روز 21ویں پیرا ایس ایف کمانڈوز کے خلاف شہریوں پر گولی باری میں مبینہ طور پر ملوث ہونے اور قتل کا معاملہ درج کیا۔ کئی قبائلی تنظیموں نے اس درمیان سیکورٹی فورسز کی کارروائی کے خلاف بند کا اعلان کر دیا ہے۔ افسران نے بتایا کہ مون قصبہ میں سی آر پی سی کی دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، لیکن حالات کشیدہ ہیں۔

واضح رہے کہ ہفتہ کی دیر شام فوجی جوانوں نے ایک پک اَپ وین میں گھر لوٹ رہے کوئلہ کان مزدوروں کو ممنوعہ تنظیم این ایس سی این (کے) کے یُنگ آن گروپ سے متعلق شورش پسند سمجھ لیا اور فائرنگ کر دی۔ اس واقعہ میں فوری طور پر چھ لوگوں کے ہلاک ہونے کی خبریں موصول ہوئی تھیں۔ جب مزدور اپنے گھروں کو نہیں لوٹے تو مقامی نوجوان اور دیہی لوگ ان کی تلاش میں نکلے اور فوج کی گاڑیوں کو گھیر لیا۔ اس کے بعد ہوئے تشدد میں ایک فوجی کی موت ہو گئی اور کئی دیگر گاڑیاں چلا دی گئیں۔ فوجیوں نے اپنی حفاظت میں گولیاں چلائیں جس میں 7 افراد کی موت ہو گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔