اروناچل پردیش میں انتہا پسندوں کا حملہ، رکن اسمبلی سمیت 11 افراد ہلاک

اروناچل پردیش کے تراپ ضلع کے بوگاپانی میں ناگا انتہاپسندوں نے دھماکہ کرکے ممبراسمبلی کے ساتھ دس دیگر لوگوں کو مار ڈالا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اروناچل پردیش میں میں ناگا انتہاپسندوں نے منگل کے روز ایک بڑے حملہ کو انجام دیا اور نیشنل پیپلز پارٹی کے کونسا مغرب سے ممبر اسمبلی تیرونگ ابوہ سمیت گیارہ افراد کو ہلاک کر دیا۔ رکن اسمبلی آسام کے ڈبرو گڑھ سے کونسا جا رہے تھے، اسی درمیان ان کی گاڑی پر انتہاپسندوں نے گولی باری شروع کر دی۔ پولس نے کہا کہ یہ واقعہ اروناچل پردیش کے ترپ ضلع میں بوگاپانی میں صبح کے 11.30 بجے پیش آیا۔

اس حملہ میں رکن اسمبلی کے پی ایس او (سیکورٹی آفیسر) کو بھی گولی لگی ہے اور علاج کے لئے انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کی حالت تشویش ناک بنی ہوئی ہے۔ ہلاک ہونے والے ترونگ ابوہ نے اروناچل پردیش میں این پی پی کے ٹکٹ پر انتخاب لڑا تھا۔


اس حملہ کو انجام دینے کا الزام نیشنل سوشلسٹ کونسل آف ناگالینڈ کے انتہاپسندوں پر لگایا جا رہا ہے۔ جائے واقوعہ کی جو تصاویر منظر عام پر آ رہی ہیں وہ بے حد خوف ناک ہیں۔ انتہاپسندوں نے گاڑی پر تابڑ توڑ گولیاں برسائیں اور اس میں موجود تمام لوگوں کو بھون ڈالا۔


اس واقعہ پر میگھالیہ کے وزیر اعلیٰ کونارڈ سنگما نے ٹوئٹ کر کے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این پی پی اس واقعہ سے بے حد حیران ہے اور یہ جان کر بے حد افسوس ہوا کہ رکن اسمبلی تیرونگ ابوہ کی موت ہو گئی، اس حملہ کی میں سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔

اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ پیما کھانڈو نے ٹوئٹ کیا، ’’انتہا پسندوں کی طرف سے کونسا کے رکن اسمبلی تیرونگ ابوہ اور دیگران کی موت افسوس ناک ہے اور میں اس صدمہ میں ہوں۔ ہم اس سفاک کارروائی کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا۔ میری تعزیت مارے گئے لوگوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہے۔


حملہ امن کو ختم کرنے کی کوشش: راج ناتھ

ادھر، مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اروناچل پردیش میں نیشنل پیپلز پارٹی کے ایم ایل اے ترونگ ابوہ سمیت 11 لوگوں کو ہلاک کیے جانے پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ شمال مشرق میں امن کو ختم کرنے کی کوشش ہے۔

راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ وہ اس حادثے سے صدمے میں ہیں۔ یہ شمال مشرق علاقے میں امن اور عام معمول کی صورت حال کو بگاڑنے کی خطرناک کوشش ہے۔ اس گھناؤنے جرم کے قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے متاثرہ اہل خانہ سے اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔