'مائی لارڈ، ہمارے ملک کو بچا لو'، چیف الیکشن کمشنر بل پر وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی ہندوستانی عدلیہ سے اپیل

وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ ہم الیکشن کمشنر کے انتخاب میں سی جے آئی کی جگہ کابینہ وزیر کو لانے کی سخت مخالفت کرتے ہیں، اس سے ووٹوں میں ہیرا پھیری ہو سکتی ہے جس سے نقصان ہوگا۔

ممتا بنرجی / یو این آئی
ممتا بنرجی / یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

مرکزی حکومت نے گزشتہ جمعرات کو راجیہ سبھا میں چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمشنرز کے انتخاب سے متعلق ایک بل پیش کیا تھا جس کو لے کر اب سیاسی بیان بازیاں تیز ہو گئی ہیں۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اس بل پر مودی حکومت کی مذمت کی اور حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی انارکی پر آمادہ ہو گئی ہے اور وہ عدلیہ کو نہیں مانتی۔

وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر کیے گئے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ اس ہفتے سی ای سی کی تقرری کے لیے تین رکنی پینل میں سی جے آئی کا کردار اہم ہے۔ ہم الیکشن کمشنر کے انتخاب میں سی جے آئی کی جگہ کابینہ وزیر کو لانے کی سخت مخالفت کرتے ہیں۔ ممتا نے مزید کہا کہ اس عمل سے مشکل پیدا ہوگی اور ووٹوں میں ہیرا پھیری ہو سکتی ہے جس سے نقصان ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان کو عدلیہ کے تئیں اس غلط روش پر سوال اٹھانا چاہیے۔ ہم ہندوستان کے لیے عدلیہ سے اپیل کرتے ہیں کہ مائی لارڈ ہمارے ملک کو بچائیے۔


واضح رہے کہ چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمشنرز کی تقرری سے جڑے اس بل پر اپوزیشن پارٹیوں نے تلخ رد عمل ظاہر کیا ہے۔ جمعرات کو جب بل لایا گیا تھا، تبھی سے اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران اس کے خلاف آوازیں اٹھا رہے ہیں۔ کانگریس لیڈر کے سی وینوگوپال کا کہنا ہے کہ بل کا مقصد انتخابی کمیشن کو وزیر اعظم کے ہاتھوں کی کٹھ پتلی بنانا ہے۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے بھی اس بل کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ "یہ بل دکھاتا ہے کہ وزیر اعظم پارلیمنٹ میں بل لا کر سپریم کورٹ کے ایسے کسی بھی فیصلے کو بدل دیں گے جو انھیں پسند نہیں آئے گا۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔