سیاسی بدلے کے جذبہ سے ہوئی میرے والد کی گرفتاری: کارتی چدمبرم

سابق مرکزی وزیر مالیات پی. چدمبرم کے بیٹے کارتی چدمبرم نے کہا ہے کہ ان کے والد کو جس ڈرامائی انداز میں گرفتار کیا گیا، وہ صرف سیاسی بدلے کے جذبہ سے متاثر ہے۔

تصویر سوشل میدیا
تصویر سوشل میدیا
user

قومی آوازبیورو

سابق مرکزی وزیر مالیات پی چدمبرم کے بیٹے کارتی چدمبرم نے بدھ کے روز کہا کہ ان کے والد کو جس ڈرامائی انداز میں گرفتار کیا گیا، وہ صرف سیاسی بدلے کے جذبہ سے متاثر ہے۔ نامہ نگاروں سے بات چیت میں کارتی چدمبرم نے کہا کہ مبینہ معاملہ 2008 کا ہے اور اس میں اب تک کوئی الزام طے نہیں ہوا ہے۔

کارتی چدمبرم نے معاملے میں سی بی آئی کے ذریعہ ان سے کی گئی پوچھ تاچھ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ سی بی آئی نے انھیں کئی بار بلایا اور ہر بار تقریباً 10 گھنٹے جانچ ایجنسی کے دفتر میں پوچھ تاچھ کی گئی۔ انھوں نے کہا کہ ’’لیکن آج تک کوئی فرد جرم نہیں ہے، جس کا مطلب ہے کہ کوئی کیس نہیں ہے۔‘‘


کارتی چدمبرم نے کہا کہ گرفتاری سرکار میں کسی کو مطمئن کرنے کے لیے کی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ سنگین مسائل سے ملک کا دھیان بھٹکانے کے لیے یہ گرفتاری ہوئی ہے۔ کارتی نے اس بات سے انکار کیا کہ دہلی ہائی کورٹ کے ذریعہ پیشگی ضمانت خارج ہونے کے بعد ان کے والد منگل کی شب سے فرار تھے۔ سپریم کورٹ سے بھی ان کو کوئی راحت نہیں ملی۔

اس سے قبل کارتی چدمبرم نے ٹوئٹ کے ذریعہ کہا کہ جانچ ایجنسیوں نے کچھ لوگوں کی خوشی کے لیے دلچسپ ڈراما کیا۔ کارتی نے یہ بات آئی این ایکس میڈیا معاملے میں پی چدمبرم کی گرفتاری کے سلسلے میں کہی۔ انھوں نے چدمبرم کی مدد کرنے کے لیے کانگریس پارٹی کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انھوں نے ٹوئٹ میں کہا کہ ’’ڈراما اور سین ایجنسیوں کے ذریعہ واقعہ کو سنسنی خیز بنانے اور کچھ لوگوں کی خوشی کے لیے تیار کیا گیا۔‘‘


کارتی چدمبرم نے اپنے والد اور سابق وزیر مالیات و داخلہ پی چدمبرم کا وہ بیان بھی شیئر کیا ہے جو انھوں نے گرفتاری سے پہلے کانگریس صدر دفتر پر اچانک ہوئی پریس کانفرنس میں دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔