مظفر پور شیلٹر ہوم: سابق وزیر منجو ورما کی خود سپردگی، چہرہ چھپا کر پہنچی عدالت 

منجو ورما کافی دنوں سے فرار چل رہی تھیں اور عدالت نے اس تعلق سے بہار کی نتیش حکومت کو پھٹکار بھی لگائی تھی، عدالت کی ناراضگی کے بعد بہار پولس نے بیگوسرائے واقع منجو ورما کے گھر کی قرقی کرا دی تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مظفر پور شیلٹر ہوم واقعہ کے بعد آرمس ایکٹ معاملہ میں فرار چل رہی بہار کی سابق وزیر منجو ورما نے منگل کے روز منجھول کورٹ میں خودسپردگی کر دی۔ پولس سے بچنے کے لئے وہ دوپٹے سے چہرہ چھپاکر عدالت میں پہنچی۔ پیشی کے دوران منجوورما بےہوش ہو گئی اور آناً فاناً میں ڈاکٹروں کو بلایا گیا۔

بہار کی سابق وزیر منجو ورما کافی دنوں سے فرار چل رہی تھیں اور عدالت نے اس تعلق سے بہار کی نتیش حکومت کو پھٹکار بھی لگائی تھی۔ عدالت کی ناراضگی کے بعد بہار پولس نے بیگوسرائے واقع منجو ورما کے گھر کی قرقی کی تھی۔ ان کے شوہر چندرشیکھر ورما نے اسی کورٹ میں 29 اکتوبر کو سرینڈر کیا تھا۔ وہ فی الحال بیگوسرائے کی منڈل کارا جیل میں بند ہیں۔

واضح رہے کہ زیر بحث مظرپور شیلٹر ہوم میں جنسی استحصال کے معاملہ میں سابق وزیر کے شوہر کا نام آیا تھا۔ اس کے بعد سی بی آئی ٹیم نے 17 ستمبر کو سابق وزیر کے گھر پر چھاپہ ماری کی تھی۔ چھاپے کے دوران گھر سے 50 کارتوس برآمد ہوئے تھے۔ سی بی آئی کے ڈی ایس پی نے سابق وزیر اور ان کے شوہر کے خلاف آرم ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کرا دی تھی۔

اے ڈی جی ایس کے سنگھ نے کہا، ’’منجو ورما نے پولس چھاپوں کی وجہ سے سرینڈر کیا ہے۔ ہم لگاتار ان کی گرفتاری کے لئے کارروائی کر رہے تھے۔ بہار کے علاوہ حیدرآباد اور دہلی سمیت کئی شہروں میں چھاپے مارے گئے تھے۔ علاوہ ازیں پٹنہ ایئرپورٹ کو بھی الرٹ کر دیا گیا تھا۔‘‘

اے ڈی جی کے مطابق ان کی متحرک املاک قرق کر لی گئی تھی اور پولس اب ان کے بینک کھاتے منجمد کرنے والی تھی۔ بعد میں ان کی غیر متحرک املاک بھی ضبط ہونے والی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 20 Nov 2018, 3:09 PM