مصطفیٰ آباد قتل معاملہ: دہلی کانگریس اقلیتی وفد کی اہلِ خانہ سے ملاقات، انصاف اور مکمل تعاون کی یقین دہانی
دہلی کانگریس اقلیت شعبہ کے صدر عبدالواحد قریشی، جو اس وقت گجرات میں ہیں، نے جلد دہلی پہنچ کر اہلِ خانہ سے ملاقات اور معاملہ اعلیٰ حکام کے سامنے مؤثر انداز میں اٹھانے کی یقین دہانی کرائی

نئی دہلی: شمال مشرقی دہلی کے علاقے مصطفیٰ آباد میں 16 سالہ حافظِ قرآن سبحان کے بہیمانہ قتل کے بعد علاقے میں غم کے ساتھ شدید غصہ بھی پایا جا رہا ہے۔ اس افسوسناک واقعہ کے بعد دہلی کانگریس شعبہ اقلیت کے نائب صدر مخدوم خان کی قیادت میں ایک وفد نے مقتول کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور گہرے رنج و افسوس کا اظہار کیا۔
مخدوم خان نے اہلِ خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے اس واقعہ کو انتہائی سفاکانہ اور ناقابلِ برداشت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس جرم میں ملوث افراد کو کسی بھی صورت بخشا نہیں جانا چاہیے اور قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جانی چاہیے۔ انہوں نے متاثرہ خاندان کو یقین دلایا کہ انصاف کی فراہمی تک وہ ان کے ساتھ پوری مضبوطی سے کھڑے رہیں گے۔
وفد کے اراکین نے اہلِ خانہ کو ہر ممکن مالی، قانونی اور اخلاقی مدد فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں کسی بھی طرح کی لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی اور کیس کو اعلیٰ سطح تک اٹھایا جائے گا تاکہ تحقیقات میں تیزی آئے اور ملزمین کو جلد گرفتار کیا جا سکے۔
اسی دوران دہلی کانگریس اقلیت شعبہ کے صدر عبدالواحد قریشی سے بھی رابطہ کیا گیا، جو اس وقت گجرات میں موجود ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ جلد دہلی پہنچ کر اہلِ خانہ سے ملاقات کریں گے اور اس معاملے کو اعلیٰ حکام کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کریں گے۔
وفد نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ متعلقہ حکام پر مسلسل دباؤ بنائے رکھیں گے تاکہ شفاف تحقیقات کو یقینی بنایا جا سکے اور قصورواروں کو قرار واقعی سزا دلائی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے دل دہلا دینے والے واقعات معاشرے کے لیے سنگین خطرہ ہیں اور ان کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیں۔
ملاقات کے دوران سچن، دلدار قریشی، الطاف علی، شبروز، اسرار احمد پردھان، سمیر اور اسد سمیت دیگر افراد بھی موجود رہے۔ سبھی نے اہلِ خانہ سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے انصاف کی جدوجہد میں ہر ممکن ساتھ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔