مسلمان رزق حلال پر توجہ دیں اور حرام رزق سے خود کو محفوظ رکھیں: مولانا سلمان بجنوری

مولانا سلمان بجنوری نے کہا کہ حرام رزق سے خود کو محفوظ رکھے کیونکہ حرام رزق سے گھر میں نحوست اور بے برکتی آتی ہے جب کہ حلال رزق سے اللہ تعالی گھر میں برکتیں اور رزق میں کشادگی پیدا ہوتی ہے

<div class="paragraphs"><p>مولانا سلمان بجنوری خطاب کرتے ہوئے / تصویر عارف عثمانی</p></div>

مولانا سلمان بجنوری خطاب کرتے ہوئے / تصویر عارف عثمانی

user

عارف عثمانی

دیوبند: جامعہ زینب للبنات دیوبند میں رمضان المبارک کی مناسبت سے ایک اصلاحی مجلس کا انعقاد کیا گیا، جس سے خطاب کرتے ہوئے دارالعلوم دیوبند کے استاذ حدیث و نائب صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا سلمان بجنوری نے کہا کہ مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ رزق حلال کو مضبوطی کے ساتھ پکڑ لیں اور حرام رزق سے خود کو محفوظ رکھے کیونکہ حرام رزق سے گھر میں نحوست اور بے برکتی آتی ہے جب کہ حلال رزق سے اللہ تعالی گھر میں برکتیں اور رزق میں کشادگی پیدا ہوتی ہے، اس لئے آج سے ارادہ کریں کہ اپنے آپ اور اپنے گھر والوں کو رزق حرام کی گندگی سے محفوظ رکھیں گے۔

مولانا نے روزے کے مقصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ روزے کا اصل مقصد تقوی پیدا کرنا ہے اور جس کے معنی برائیوں سے بچنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں دیگر برائیوں کے علاوہ دو برائیاں بہت عام ہیں، ایک ظلم اور دوسری ناانصافی۔ اکثر گھرانے ان دونوں برائیوں میں مبتلا ہیں۔ ایک ہی گھر میں رہنے والے دو لوگ ہی آپس میں ایک دوسرے پر ظلم اور زیادتی میں مبتلا ہیں، اس سے پرہیز کرنا بہت زیادہ ضروری ہے۔


مولانا سلمان بجنوری نے حقوق اللہ اور حقوق العباد کی جانب توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ حقوق اللہ میں سب سے پہلا حق نماز ہے، اسی میں ہم لوگ کوتاہی کرتے ہیں۔ ہمیں ہر حال میں نماز کی پابندی کرنی چاہئے، نماز کی پابندی کے ساتھ ہی ہم باطنی اور ظاہری برائیوں سے خود بخود بچ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مسلمان کو خاص طور پر اپنے جسم کے چار اعضاء پر کنٹرول رکھنا چاہئے، اس سے بھی بندہ برائیوں سے بچا رہے گا، وہ چار چیزیں ہیں آنکھ، کان، دماغ اور زبان۔ ان سے برائی داخل ہوتی ہے، ان چاروں راستوں کو برائی سے محفوظ کر لیں گے تو ہمارا دل بھی پاک صاف رہے گا اور ہم اللہ کے نیک بندوں میں شمار کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ پرہیز کرنے والی چیز زبان ہے کیونکہ آج کل کے حالات میں زبان کے گناہوں سے بچنا زیادہ ضروری ہے۔ انہوں نے حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ کے رسول ؐ نے فرمایا کہ سب سے زیادہ لوگوں کو جہنم میں لے جانے والی چیز زبان ہے۔ اس لئے اس کی حفاظت کرنا اور اس سے ہونے والے گناہوں سے بچنا ضروری ہے۔ آخر میں مولانا نے تقوی اور اس کے فوائد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تقوے کے بہت سے فائدوں میں سے ادنی فائدہ یہ ہے کہ اللہ تعالی اس کی وجہ سے روزی میں برکت عطا فرماتا ہے، اس لئے ہمیں چاہئے کہ ہم تقوی اختیار کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔