مسلمانون کو پاکستان نہ جانے کی سزا موب لنچنگ کے طور پر مل رہی ہے: اعظم خان

اعظم خان نے کہا، ’’ہمارے آبا و اجداد پاکستان کیوں نہیں گئے! یہ مولانا آزاد، جواہر لال نہرو، سردار پٹیل اور باپو سے پوچھیں، جنہوں نے مسلمانوں کی حفاظت کا وعدی کیا تھا۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

رامپور: سماجوادی پارٹی کے قدآور رہنما اور رکن پارلیمان اعظم خان نے کہا ہے کہ مسلمانوں کو 1947 کے بٹوارے میں پاکستان نہ جانے کی سزا موب لنچنگ کے طور پر مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان 1947 کے بعد بھی سزا کاٹ رہے ہیں، اگر مسلمان پاکستان چلے جاتے تو انہیں یہ سزا نہیں ملتی۔ مسلمان یہاں ہیں تو موب لنچنگ کی سزا بھگتنا پڑ رہی ہے۔

انہوں نے کہا، ’’مسلمان جہاں بھی جائیں گے انہیں یہ سب برداشت کرنا پڑے گا۔ اب جو ہوگا، اسے سہنا ہوگا۔ ہمارے آبا و اجداد پاکستان کیوں نہیں گئے! یہ مولانا آزاد، جواہر لال نہرو، سردار پٹیل اور باپو سے پوچھیں، جنہوں نے مسلمانوں کی حفاظت کا وعدی کیا تھا۔


اعظم خان نے مزید کہا، ’’ہمارے آبا و اجداد کیوں نہیں گئے پاکستان، کیوں کہ انہوں نے ہندوستان کو اپنا وطن مانا۔ انہیں اب اس وطن پرستی کی سزا تو ملے گی اور وہ سہیں گے۔ باپو (بابائے قوم مہاتما گاندھی) کی جذباتی اپیل پر مسلمان پاکستان نہیں گئے۔ باپو نے مسلمانوں سے کہا تھا کہ یہ ملک تمہارا ہے، اگر بٹوارا تمام مسلمان چاہتے تو ملک کی یہ شکل نہیں ہوتی۔‘‘

انہوں نے کہا کہ ملک میں حکومتیں مضبوط ہیں اور مسلمان کمزور ہیں، یہی وجہ ہے کہ ہمیں 1947 کے بعد سے بہت ذلت کی زندگی گذارنا پڑ رہی ہے۔ اعظم خان نے مزید کہا کہ مسلمان بٹوارے کے حصہ دار نہیں تھے اور اس کے گنہگار بھی نہیں تھے لیکن آج اس کی سزا انہیں مل رہی ہے۔


واضح رہے کہ رامپور سے پہلی مرتبہ پارلیمنٹ پہنچے اعظم خان کو رامپور ضلع انتظامیہ نے زمین مافیا قرار دیتے ہوئے مبینہ طور پر زمین پر قبضہ کرنے کے خلاف 23 ایف آئی آر درج کی ہیں۔ اعظم خان نے اسے اپنے خلاف بی جے پی کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب سے انہوں نے بی جے پی کے خلاف الیکشن جیتا ہے تبھی سے انہیں سزا دی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 20 Jul 2019, 9:10 PM