’ریلوے میں ملازمت دستیاب مسلم نوجوان حصہ لیں‘

معین میاں نے یہ اعلان کیا کہ ہم ہاجرہ ٹرسٹ کو عید گاہ میدان فراہم کرنے کو تیار ہیں اور اس کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی کہ ہمارا نوجوان کسی طرح سے خود کفیل ہوجائے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ممبئی: مسلمانوں کو سرکاری ملازمتوں کی حصولیابی کے لئے کوششیں کر نے کے ساتھ مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کرنا بھی ضروری ہے تبھی وہ سرکاری نوکریاں حاصل کر سکیں گے یہ موقع اب ریلوے نے فراہم کیا ہے جس میں امیدوار فارم پُر کر کے اپنا جوہر دکھا سکتے ہیں۔ سرکاری ملازمتوں میں مسلم نوجوانوں کو مقابلہ جاتی امتحانات میں شریک ہونے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مسلم تنظیم نے اس کیلئے ایک مہم شروع کر رکھی ہے جس کے تحت مسلم نوجوانوں کو ریلوے میں ملازمت کے لئے تیار کیا جائے گا تاکہ نوجوان زیادہ سے زیادہ سرکاری ملازمتوں میں شمولیت اختیار کر سکیں۔

ریلوے میں مسلم نوجوانوں کی برسر روزگار بنانے کے لئے ان کے لئے تربیت ضروری ہے اور 24 ہزار ریلوے میں ملازمت کے مواقع دستیاب ہیں مسلم نوجوانوں کو اپنے ذہنوں سے یہ بات نکال دینا چاہیے کہ وہ سرکاری ملازمت میں شامل نہیں ہوسکتے ہیں اور ان کے ساتھ امتیازی سلوک اور تعصب برتا جاتا ہے لیکن ایسا بالکل نہیں ہے بلکہ ریلوے کی ملازمت میں مکمل شفافیت ہے اور پرچہ کی کاپی تک مسلم نوجوانوں کو فراہم کی جاسکتی ہے اس لئے مسلم نوجوانوں کو سرکاری نوکریوں اور حصول ملازمت کے لئے کوشش کرنی ضروری ہے۔ تمام سرکاری محکمہ جاتی اور مقابلہ جاتی امتحانات میں مسلم نوجوانوں کو شریک ہونا چاہیے ان کی کامیابی قابلیت کی بنیاد پر یقینی ہے۔

اس قسم کے اظہار خیالات آج یہاں بلال مسجد میں سرکاری ملازمت کی حصولیابی کے لئے منعقدہ اہم میٹنگ میں نامور عالم دین حضرت مولانا معین الدین اشرف عرف معین میاں نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر حصول ملازمت کی جانب مسلم نوجوان مقابلہ جاتی امتحانات میں شریک ہوتے ہیں اور پھر اللہ رب العزت کی مرضی سے انہیں ملازمت کا موقع فراہم ہوتا ہے تو ان کا پورا گھر اور معاشرہ خوشحال ہوگا۔

معین میاں نے یہ اعلان کیا کہ ہم بھی ہاجرہ ٹرسٹ کو عید گاہ میدان فراہم کرنے کو تیار ہیں اور اس کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی کہ ہمارا نوجوان کس طرح سے خودکفیل ہوجائے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کلاسیز سے نوجوان خود کو مقابلہ جاتی امتحان کے لئے تیار کر سکتا ہے بجائے ہم دوسروں پر تکیہ کرنے کے خود میدان عمل میں کام کریں یہی کامیابی کا ضامن ہے۔

ہاجرہ ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کے اراکین نے بتایا کہ ملازمت کے لئے تیاریاں کرنا ضروری ہے اور اس میں اسکولوں کی کتابوں سے لے کر دیگر کتابوں سے ہی تربیت دی جاتی ہے اور ریلوے کی ملازمت کیلئے اگر 6 ماہ تک تربیت دی جائے تو انشا اللہ امیدوار پوری طرح سے تیار ہوجائے گا، صرف ہفتہ میں سہ روزہ تربیت 4 گھنٹے تک انہیں 6 ماہ تک تربیت دی جائے گی ۔ ریلوے میں ملازمت کے لئے مسلم نوجوانوں کو فارم پر کرنے کی بھی تربیت دی جائے گی اور فارم پرکرنے کا بھی طریقہ کار بتایاجائے گا۔ تقریباً 12ویں جماعت پاس امیدوار 18سے 30 سال عمر کی حد مقرر کی گئی ہے، امیدوار مقابلہ جاتی امتحان دے کر سرکاری ملازمت کی کوشش کرسکتے ہیں۔ اس سلسلے میں گھیلا بائی مدنپورہ میں مسلم نوجوانوں کو تربیت بھی دی جا رہی ہے اگرمسلم نوجوانوں کو اس کے لئے تربیت کی ضرورت ہے تو وہ باقاعدہ طور پر اس تنظیم سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

ہاجرہ ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ نے ریلوے میں ملازمت کے مواقع دستیاب کرانے اور تربیت دینے میں سر گرمی کامظاہرہ کرتے ہوئے مسلم نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بڑھ چڑھ کر اس میں حصہ لیں تاکہ زیادہ تر امیدوار اس میں کامیابی سے ہمکنار ہوکر سرکاری ملازمت میں شامل ہوسکیں۔

رکن اسمبلی امین پٹیل نے کہا کہ ریلوے میں ملازمت کی حصولیابی کے لئے مسلم نوجوانوں کو کوشش کر کے اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے یہ ایک سنہرا موقع ہے اس سے اگر نوجوان تربیت حاصل کر تا ہے تو اس کے لئے نوکری میں شمولیت آسان ہوگی۔ ہاجرہ نامی تنظیم کو امین پٹیل نے حتی المقدور مدد کرنے کی یقین دہانی کرتے ہوئے انہیں جنوبی ممبئی میں دفاتر کھولنے کا بھی اعلان کیا ہے اور کہا کہ زیادہ سے زیادہ شاخیں کھولنے سے نوجوانوں اور امیدواروں کو آسانی ہوگی۔ اس اہم میٹنگ میں رضا اکیڈمی کے سر براہ الحاج سعیدنوری، سنیئر صحافی خلیل زاہد، سر فراز آرزو، کارپوریٹر جاوید جنیجا اور ہاجرہ ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کے اراکین شریک تھے ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔