یوپی کے گاؤں میں مسلم فقیروں سے مار پیٹ، ’سادھو کے کپڑے پہنتے ہیں لیکن اس پیسے سے بریانی کھائیں گے‘

یوپی کے گونڈا ضلع کے ایک گاؤں کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں کچھ مقامی لوگ بھیک مانگنے والے تین مسلم فقیروں کو گالیاں دیتے اور پریشان کرتے نظر آ رہے ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

گونڈا: یوپی کے گونڈا ضلع کے ایک گاؤں کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں کچھ مقامی لوگ بھیک مانگنے والے تین مسلم فقیروں کو گالیاں دیتے اور پریشان کرتے نظر آ رہے ہیں۔ آئی اے این ایس کی خبر کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

گونڈا علاقہ کے گاؤں دیگور میں موبائل فون سے بنائی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لڑکے بھیک مانگنے والے تین افراد کا تعاقب کر رہے ہیں، انہیں مذہبی شناخت کی گالیاں دے رہے ہیں اور نازیبا تبصرے کر رہے ہیں۔

ویڈیو میں ایک شخص کو کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے ’’وہ سادھوؤں کے کپڑے پہنتے ہیں لیکن اس پیسے سے بریانی کھائیں گے۔‘‘


دریں اثنا، ایک لاٹھی سے لیس نوجوان نے ان لوگوں کو گھیر لیا اور ان سے شناختی کارڈ کا مطالبہ کرنے لگا۔ یہ سن کر کہ ان کے پاس شناختی کارڈ نہیں ہے، وہ انہیں جہادی اور دہشت گرد قرار دیتا ہے۔ ایک شخص مداخلت کرنے کی کوشش کرتا ہے لیکن اسے یہ شرپسند دھکا دے دیتے ہیں۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس افسران کو معاملہ سے آگاہ کرا دیا گیا ہے اور ویڈیو میں نظر آ رہے ملزمان کی شناخت کرنے کے لئے کارروائی کی جا رہی ہے۔

بعد میں پولیس نے اس معاملہ میں ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملہ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے اور ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */