لکھیم پور میں بہنوں کا قتل: پرینکا گاندھی کا یوگی حکومت سے سوال، خواتین کے تئیں جرائم میں اضافہ کیوں؟

پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کیا ’’روزانہ اخبارات اور ٹی وی میں جھوٹے اشتہارات دینے سے نظم و نسق کی صورتحال بہتر نہیں ہو جاتی، آخر خواتین کے تئیں جرائم میں اضافہ کیوں ہو رہا ہے؟‘‘

پرینکا گاندھی / تصویر ویڈیو گریب
پرینکا گاندھی / تصویر ویڈیو گریب
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: لکھیم پور میں دو سگی بہنوں کی لاشیں درخت سے لٹکی ملی ہیں۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ دونوں بہنوں کی لاشیں ملنے سے پہلے انہیں دن دیہاڑے اغوا کیا گیا تھا۔ انہیں مبینہ طور پر ریپ کا شکار بھی بنایا گیا۔ کانگریس پارٹی نے اس واقعہ پر سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔

کانگریس کی اتر پردیش کی انچارج جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ اتر پردیش میں خواتین پر مظالم کے واقعات رکنے کا نام نہیں لے رہے ہیں اور ریاستی حکومت اس معاملے میں بے حس نظر آ رہی ہے۔ ادھر، کانگریس پارٹی نے بھی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ یوگی حکومت جاگے اور خواتین کو تحفظ فراہم کرے۔


پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کیا ’’لکھیم پور (اتر پردیش) میں دو بہنوں کے قتل کا واقعہ دل دہلا دینے والا ہے۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ ان لڑکیوں کو دن دیہاڑے اغوا کیا گیا تھا۔ روزانہ اخبارات اور ٹی وی میں جھوٹے اشتہارات دینے سے نظم و نسق کی صورتحال بہتر نہیں ہو جاتی۔ آخر یوپی میں خواتین کے خلاف گھناؤنے جرائم میں اضافہ کیوں ہو رہا ہے؟ آخر حکومت کب جاگے گی؟"

ادھر کانگریس کے ٹوئت ہینڈل سے لکھا گیا ’’خواتین کے خلاف جرائم میں یوپی نمبر ایک ہے۔ نظم و نسق کی صورت حال کا ڈھول پیٹنے والی حکومت جاگے اور خواتین کو تحفظ فراہم کرے۔‘‘ ٹوئٹ کے ساتھ جو خبر شیئر کی گئی ہے اس کے مطابق لڑکیاں دلت تھیں اور انہیں تین لڑکے اغوا کر کے لے گئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔