کانگریس ترجمان کا قتل ہریانہ میں بگڑتے نظامِ قانون کا آئینہ: راہل گاندھی

کانگریس صدر راہل گاندھی نے فرید آباد میں کانگریس ترجمان وکاس چودھری کے قتل کو قابل مذمت، شرمناک اور افسوسناک قرار دیا ہے۔ انھوں نے ایک ٹوئٹ کر وکاس کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ہریانہ میں کانگریس ترجمان وکاس چودھری کے بہیمانہ قتل کی کانگریس صدر راہل گاندھی نے شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’فرید آباد میں کانگریس ترجمان اور لیڈر وکاس چودھری کا قتل ایک قابل مذمت، شرمناک اور افسوسناک واقعہ ہے۔ یہ ہریانہ میں بگڑتے نظامِ قانون کا آئینہ ہے۔‘‘ انھوں نے اپنا رد عمل بذریعہ ٹوئٹ ظاہر کیا ہے اور اس ٹوئٹ میں انھوں نے وکاس چودھری کی روح کو سکون پہنچنے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل کے لیے دعا کی ہے۔


دراصل ہریانہ کے فرید آباد میں کانگریس ترجمان وکاس چودھری کا آج صبح گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ واقعہ فرید آباد کے سیکٹر 9 واقع ہڈا مارکیٹ میں سر زد ہوا۔ خبروں کے مطابق حملہ آوروں نے وکاس کو آٹھ سے دس گولیاں ماریں۔ واقعہ کے فوراً بعد وکاس کو سروودے اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں علاج کے دوران ان کی موت ہو گئی۔ فی الحال حملہ آوروں کا کوئی سراغ نہیں مل پایا ہے۔ پولس نے جائے وقوع سے 12 خالی کارتوس برآمد کیے ہیں۔

خبروں کے مطابق حملے کے وقت وکاس چودھری اپنی گاڑی پارک کر کے ہڈا مارکیٹ واقع جِم جا رہے تھے۔ یہ پورا واقعہ وہاں موجود سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہو گیا ہے۔ پولس کے مطابق صبح 9 بج کر 2 منٹ پر جِم کے باہر دو حملہ آوروں نے وکاس پر اندھا دھند گولیاں چلا دیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دو حملہ آور وکاس پر گولیاں چلاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ وکاس کی گردن اور سینے پر گولیاں لگی ہیں۔ چار گولیاں وکاس چودھری کی کار کے شیشے پر لگی ہیں۔ دونوں حملہ آور سفید رنگ کی ایکس ایکس-4 گاڑی سےا ٓئے تھے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر پولس نے گاڑی اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔


وکاس کے قتل کے بعد کانگریس لیڈر رندیپ سرجے والا نے بھی ٹوئٹ کر اس واقعہ کی مذمت کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’بی جے پی راج میں ہریانہ غنڈہ راج اور منظم جرائم کا قلع بن گیا ہے۔ نظامِ قانون بدتر ہو چکا ہے۔ غنڈے-بدمعاشوں اور غیر سماجی عناصر کا بول بالا ہے۔ اس ماحول کے لیے قصوروار صرف کھٹر حکومت ہے۔ وکاس چودھری پر حملے کی غیر جانبدارانہ جانچ ہونی چاہیے اور بی جے پی حکومت ملزمین کو قانونی سزا دلوائے۔‘‘


فرید آباد میں پارٹی ترجمان کے قتل پر ہریانہ کانگریس کے صدر اشوک تنور نے اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہاں ’جنگل راج‘ ہے، قانون کا کسی کو کوئی خوف نہیں ہے۔ کل بھی اسی طرح کا واقعہ سامنے آیا تھا جہاں چھیڑ چھاڑ کی مخالفت کرنے والی خاتون کو چاقو مار دیا گیا تھا۔ معاملے کی جانچ ہونی چاہیے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔