اتر پردیش: بھجن گلوکار اجے پاٹھک اور ان کی پوری فیملی کا بہیمانہ قتل، حالات کشیدہ

اجے پاٹھک، ان کی بیوی اور بیٹی کا قتل تیز دھار والے اسلحہ سے کیا گیا ہے۔ قاتلوں نے اس واقعہ کو اجے پاٹھک کے گھر کے اوپری حصے میں انجام دیا۔ پاٹھک کے 10 سالہ بیٹے کی آدھی جلی لاش دوسری جگہ سے ملی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش میں جرائم عصمت دری، لوٹ مار اور قتل کی واردات کم ہونے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ 2019 سال ختم ہونے کے آخری دن مشہور بھجن گلوکار اجے پاٹھک کے قتل کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق نہ صرف اجے پاٹھک بلکہ ان کی بیوی، بیٹی اور بیٹے کو بھی موت کی نیند سلا دیا گیا ہے۔ اجے پاٹھک کی فیملی اتر پردیش کے شاملی میں مقیم تھی۔

خبروں کے مطابق اجے پاٹھک، ان کی بیوی اور بیٹی کا قتل تیز دھار والے اسلحہ سے کیا گیا ہے۔ قاتلوں نے اس واقعہ کو اجے پاٹھک کے گھر کے اوپری حصے میں انجام دیا۔ اجے پاٹھک کا 10 سالہ بیٹا اس جگہ سے غائب پایا گیا لیکن پولس نے بدھ کے روز اس کی آدھی جلی ہوئی لاش ہریانہ کے پانی پت سے برآمد کی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اجے پاٹھک، ان کی بیوی اور بیٹی کے قتل کے بعد قاتل ان کی ہی کار سے بیٹے کو اغوا کر لے گئے تھے اور پھر اسے نذرِ آتش کر دیا۔


اجے پاٹھک اور ان کی فیملی کے افراد کے بہیمانہ قتل سے علاقے میں غم و اندوہ کے ساتھ ساتھ کشیدگی کا ماحول بھی دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اجے پاٹھک کے قریبی رشتہ داروں میں تو جیسے ایک کہرام برپا ہو گیا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ 42 سالہ اجے پاٹھک اپنی بیوی سنیہہ لتا، بیٹی وسندھرا اور بیٹے بھاگوت کے ساتھ خوشگوار زندگی گزار رہے تھے۔ منگل کو پاٹھک فیملی کا کوئی بھی رکن گھر سے باہر نہیں نکلا۔ اسی دن شام کے تقریباً 4 بجے قریب میں ہی رہنے والے ان کے بھائی نے انھیں فون کیا لیکن وہ ریسیو نہیں ہوا۔ کوئی جواب نہیں ملنے پر وہ رشتہ دار کچھ پڑوسیوں کو لے کر گھر پہنچے اور دروازے کا تالا توڑ کر دیکھا گیا تو پتہ چلا کہ اجے پاٹھک، ان کی بیوی اور بیٹی کی لاش خون سے تر فرش پر پڑی ہوئی ہے اور وہاں سے 10 سالہ بیٹا غائب ہے۔


اس پورے واقعہ کی خبر ملنے کے بعد ایس پی ونیت جیسوال، ضلع مجسٹریٹ اکھلیش سنگھ اور ڈی آئی جی اوپیندر اگروال نے موقع پر پہنچ کر واقعہ کی جانکاری لی۔ ساتھ ہی پولس مغوی بھاگوت کی تلاش شروع کر دی تھی۔ جب پولس کو جانکاری ملی کہ ہریانہ کے پانی پت میں ایک بچے کی آدھی جلی لاش کار میں ملی ہے، تو پولس اجے پاٹھک کے رشتہ داروں کو لے کر فوراً وہاں پہنچی۔ رشتہ داروں نے لاش کی شناخت کر لی اور بتایا کہ وہی اجے پاٹھک کا بیٹا بھاگوت ہے۔ ایس پی ونیت جیسوال نے بتایا کہ ایک ہی کنبہ کے چار افراد کے قتل کا یہ معاملہ پہلی نظر میں رنجش سے جڑا ہوا لگتا ہے۔ واقعہ کی تفتیش کے لیے کچھ ٹیمیں بنائی گئی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جلد ہی ملزمین سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔