ممبئی: ریلوے کے متعدد ملازمین اپنے ساتھی کی آخری رسومات میں شریک، 147 ٹرینوں کو منسوخ کرنا پڑا!

ممبئی میں مضافاتی ٹرین خدمات میں تاخیر کی وجہ سے لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا، کیونکہ بہت سے ریلوے ملازمین (موٹر مین) اپنے ساتھی کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے گئے ہوئے تھے

<div class="paragraphs"><p>ریل، فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

ریل، فائل تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

ممبئی: عروس البلاد ممبئی میں تقریباً ڈیڑھ سو ٹرینوں کو اس لیے منسوخ کرنا پڑا کیونکہ ریلوے ملازمین بڑی تعداد میں اپنے ساتھ ملازم کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے گئے ہوئے تھے۔ نیوز پورٹل ’آج تک‘ کی رپورٹ کے مطابق ملازمین کے اپنے ساتھ کی آخری رسومات میں شرکت کے سبب 88 لوکل ٹرینوں سمیت کل 147 ٹرینوں کی خدمات کو منسوخ کرنا پڑا۔

رپورٹ کے مطابق، سنیچر کی شام ممبئی کے بائیکلہ اور سینڈہرسٹ روڈ اسٹیشنوں کے درمیان سینٹرل اور ہاربر لائنوں پر مضافاتی ٹرین خدمات تاخیر سے چلنے لگیں، جس کی وجہ سے مسافر پریشان ہو گئے۔ جب لوگوں نے ریلوے سروس متاثر ہونے کی وجہ جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ کئی ملازمین (موٹر مین) اپنے ساتھی کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے شمشان گھاٹ گئے ہیں، اس لیے خدمات متاثر ہو گئی ہیں۔


اس واقعے سے سوالات اٹھ رہے ہیں کہ کیا یہ منصوبہ بند احتجاج تھا؟ کیونکہ ماضی میں موٹر مین کام کے زیادہ دباؤ کا مسئلہ اٹھا چکے ہیں۔ شام کے رش کے اوقات میں خدمات میں تاخیر کی وجہ سے بڑی تعداد میں مسافر سی ایس ایم ٹی اور دیگر اسٹیشنوں پر پھنسے رہے اور انہیں کئی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔

ایک عہدیدار نے بتایا، ’’خدمات میں تاخیر ہوئی کیونکہ بہت سے موٹر مین اپنے ساتھی مرلیدھر شرما کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے کلیان گئے تھے، جن کی موت بائیکلہ اور سینڈہرسٹ روڈ اسٹیشنوں کے درمیان جمعہ کو پٹریوں کو عبور کرتے ہوئے ہوئی تھی۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ شرما کی آخری رسومات دوپہر میں منعقد کی جانی تھیں لیکن اسے شام 5 بجے تک موخر کر دیا گیا۔


ریلوے عہدیدار نے بتایا کہ آخری رسومات میں موٹر مینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جس کی وجہ سے وہ ٹرین آپریشن کے لیے دستیاب نہیں تھے اور وہ تاخیر کا شکار ہو گئیں۔ عہدیدار کے مطابق 88 لوکل ٹرین سروسز سمیت تقریباً 147 ٹرینیں منسوخ کر دی گئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خدمات میں خلل نہیں پڑا بلکہ تاخیر ہوئی اور حالات آہستہ آہستہ معمول پر آ گئے۔ تھانے کے مضافاتی مولنڈ کی رہائشی اروندھتی پی نے کہا کہ انہیں ہجوم والی لوکل ٹرین میں سوار ہونے سے پہلے سی ایس ایم ٹی پر 40 منٹ انتظار کرنا پڑا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔