ممبئی: سینئر سائنس داں آر چدمبرم کا انتقال، 1975 اور 1998 کے جوہری تجربوں میں ادا کیا تھا اہم کردار
راج گوپالا چدمبرم نے ہندوستان کی سیکوریٹی اور انرینرجی سیکوریٹی میں اہم کردار ادا کیا۔ انہیں 1975 میں پدم شری اور 1999 میں پدم وِبھوشن کے اعزاز سے نوازا گیا تھا۔

آر چدمبرم / Getty Images
ہندوستان کے سینئر سائنس داں ڈاکٹر راج گوپالا چدمبرم کا ہفتہ کو 88 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ انہوں نے صبح 3 بج کر 20 منٹ پر ممبئی کے جسلوک اسپتال میں آخری سانس لی۔ راج گوپالا چدمبرم نے 1975 اور 1998 کے جوہری تجربوں میں میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ وہ ہندوستان کے نیو کلیئر ویپن پروگرام سے بھی منسلک رہے۔
راج گوپالا چدمبرم نیو کلیئر اینرجی کمشین کے چیئرمین اور حکومت ہند کے پرنسپل سائنٹفک ایڈوائزر تھے۔ انہیں 1975 میں پدم شری اور 1999 میں پدم وِبھوشن کے اعزاز سے نوازا گیا تھا۔ ڈاکٹر آر چدمبرم نے پوکھرن-1 (1975) اور پوکھرن-2 (1998) کے جوہری تجربوں کی تیاریوں کو کو-آرڈینیٹ کیا تھا۔ انہوں نے بھابھا جوہری تحقیقی مرکز (بی اے آر سی) کے ڈائریکٹر کے طور پر بھی اپنی خدمات انجام دیں۔
آر چدمبرم نے ہندوستان کی سیکوریٹی اور انرینرجی سیکوریٹی میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ 95-1994 کے دوران بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے بورڈ آف گورنرس کے چیئرمین تھے۔ چدمبرم 2008 میں 'آئی اے آئی کی 2020 اور اس سے آگے کا کردار' پر ایک رپورٹ تیار کرنے کے لیے ڈائریکٹر جنرل، آئی اے ای اے کے ذریعہ مقرر ممتاز شخصیات کے کمیشن کے بھی رکن تھے۔ اپنے پورے کیریئر کے دوران چدمبرم نے ہدنوستان کے جوہری اسلحوں کو تیار کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
وہ 1974 میں پوکھرن ٹیسٹ رینج میں ہندوستان کے لیے پہلا جوہری ٹیسٹ کرنے والی ٹیم کا رکن رہے۔ مئی 1998 میں دوسرے جوہری ٹیسٹ کی تیاریوں کی قیادت کرتے ہوئے جوہائی توانائی محکمہ (ڈی اے ای) کی ٹیم کی قیادت اور نمائندگی کرنے پر انہیں بین الاقوامی شہرت حاصل ہوئی۔ وہ اٹل بہاری واجپئی کی حکومت کے دوران 1998 میں پوکھرن رینج میں ہندوستان کے دوسرے جوہری ٹیسٹ کے دوران اے پی جے عبدالکلام کی ٹیم میں شامل تھے۔ چدمبرم کے انتقال پر سائنس دانوں، کئی اہم سیاسی و سماجی رہنماؤں نے گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے اسے ہندوستان کے لیے بڑا خسارہ قرار دیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔