’چلو گھر کی اور‘ مہم چلا کر ممبئی میں مہاجر مزدوروں کو مشتعل کرنے والا گرفتار

ممبئی میں منگل کو ہزاروں مہاجر مزدوروں کو جمع ہونے کے لیے اکسانے والے ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ شخص لوگوں کو گمراہ کرنے کے لیے مہم چلا رہا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ لاک ڈاؤن-2 کے اعلان کے چند گھنٹوں کے اندر ہی ممبئی کے باندرا اسٹیشن پر ہزاروں کی تعداد میں مہاجر مزدور جمع ہو گئے جنھیں بمشکل سمجھا کر واپس بھیجا گیا۔ ان مزدوروں کو امید تھی کہ ان کےل یے خصوصی ٹرین روانہ ہونے والی ہے۔ حالات بے قابو ہونے کے دہانے پر پہنچ گئے تھے، جس کے بعد پولس کو طاقت کا استعمال کرنا پڑا تھا اور گھنٹے بھر میں ہی ان مزدوروں کو ان کے ٹھکانوں پر واپس بھیج دیا گیا۔ ممبئی پولس نے اس سلسلے میں ونے دوبے نامی ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔


ونے دوبے کو نوی ممبئی پولس نے حراست میں لے کر ممبئی پولس کو سونپ دیا۔ لاک ڈاؤن کے درمیان ونے دوبے پر بھیڑ کو گمراہ کرنے کا الزام ہے۔ جانکاری کے مطابق ونے دوبے 'چلو گھر کی اور' مہم چلا رہا تھا۔ اس نے اپنے فیس بک پر شیئر کیے گئے پوسٹ میں ٹیم کے باندرا میں ہونے کی بات کہی تھی۔ اس معاملے میں پولس نے تقریباً ایک ہزار لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے، جب کہ دوبے کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 117، 153 اے، 188، 269، 270، (2)505 اور وبا ایکٹ کی دفعہ 3 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

اس درمیان خبر ملی ہے کہ ایک مراٹھی نیوز چینل نے بھی خصوصی ٹرین چلانے کی بات کہی تھی۔ اس چینل نے وزیر اعظم کی تقریر ختم ہونے کے فوراً بعد ایک خبر چلائی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ مہاجر مزدوروں کے لیے خصوصی ٹرین چلانے کا فیصلہ ہو گیا ہے۔ اس خبر کے بعد بڑی تعداد میں مزدور اسٹیشن پر جمع ہو گئے تھے۔


’چلو گھر کی اور‘ مہم چلا کر ممبئی میں مہاجر مزدوروں کو مشتعل کرنے والا گرفتار

دوسری طرف سینئر صحافی راج دیپ سردیسائی نے بھی ایک سرکاری خط اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے شیئر کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تلنگانہ اور سکندرآباد ریل ڈویژن کا ایک خط سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ الگ الگ جگہوں پر پھنسے مہاجر مزدوروں کے لیے جن سادھارن ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ اس کے بعد پھیلی افواہ نے باقی کام کر دیا۔


ممبئی میں مزدوروں کے جمع ہونے پر مہاراشٹر حکومت میں وزیر آدتیہ ٹھاکرے نے ٹوئٹ کر کے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا تھا کہ گجرات میں سورت میں حال میں کچھ مزدوروں نے ہنگامہ کیا تھا، مرکزی حکومت انھیں گھر پہنچانے کو لے کر فیصلہ نہیں لے پائی۔


بعد میں مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے دیر شام ایک پریس کانفرنس کر مہاجر مزدوروں کو بھروسہ دلایا کہ ان کے رہنے اور کھانے کا انتظام ہو رہا ہے اور 3 مئی تک جاری لاک ڈاؤن سے پہلے کوئی بھی ٹرین نہیں چلنے والی ہے۔ انھوں نے معاملے کی جانچ کے حکم بھی دیے تھے، جس کے بعد ونے دوبے نام کے شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ونے دوبے کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔