ممبئی: نہایت کم کرائے پر دی گئی وقف کی ملکیت میں وزیر اوقاف نواب ملک نے کیا اضافہ

وقف بورڈ کی اراضی و املاک کو پرائیویٹ یا عوامی اداروں کو نہایت کم کرائے پر دینے کے معاملات پر روک لگاتے ہوئے ریاستی اقلیتی فلاح وبہبود کی وزارت نے اہم اقدام کیا ہے

نواب ملک
نواب ملک
user

یو این آئی

ممبئی: وقف بورڈ کی اراضی و املاک کو پرائیویٹ یا عوامی اداروں کو نہایت کم کرائے پر دینے کے معاملات پر روک لگاتے ہوئے ریاستی اقلیتی فلاح وبہبود کی وزارت نے اہم اقدام کیا ہے۔ ممبئی میں وقف بورڈ کی ایک پراپرٹی کے لیے نظرثانی شدہ لیز پردستخط کرتے ہوئے وزیر اوقاف نواب ملک نے اس کا ماہانہ کرایہ جو صرف ڈھائی ہزار روپئے تھا، اسے ڈھائی لاکھ روپئے کر دیا ہے۔ نواب ملک کے مطابق اس سے ٹرسٹ کی آمدنی میں زبردست اضافہ ہوگا اور اس رقم کو مسلم بچوں کی تعلیم سمیت مختلف سماجی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جائے گا نیز اس طرح کی نظرثانی شدہ لیز معاہدے کی منظوری کے لیے حکومتی فیصلہ جاری کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 2014 میں وقف پراپرٹیز لیز رولز بننے کے بعد پہ پہلا واقعہ ہے کہ جس میں لیز کی رقم جو نہایت معمولی تھی، اس میں مارکیٹ کے ریٹ سے اضافہ کیا گیا ہے۔ نواب ملک کے مطابق ریاست میں وقف بورڈ کے یہاں رجسٹرڈ تمام اداروں وٹرسٹوں کو اپنی املاک واراضی کو بہتر طریقے سے استعمال کرتے ہوئے آمدنی میں اضافہ کرنا چاہیے تاکہ اس آمدنی سے مسلم طلباء کی تعلیم،ان کے لیے اسکالرشپ اسکیموں جیسی مفید سرگرمیاں انجام دی جاسکیں۔ اس ضمن میں وقف بورڈ کے یہاں رجسٹرڈ ادارے اگر اپنی آمدنی میں اضافہ کرنے کے لیے وقف بورڈ کے پاس کوئی تجویز پیش کرتے ہیں تو اسے حکومت کی جانب سے منظوری دی جائے گی۔


وقف بورڈ کے تحت رجسٹرڈ ممبئی کے روگے چریٹی ٹرسٹ نمبر ۱ کی بھولیشور ڈویژن میں میں روپاواڑی،ٹھاکوردوار روڈ کی املاک انڈین آئل کمپنی کو کرائے پر دی گئی ہے۔ 1934سے انڈین آئل (موجودہ برماپٹر ولیم کمپنی) کے ساتھ لیز معاہدہ کیا گیا۔ اس معاہدے کی مدت میں وقتا فوقتا اضافہ کیا گیا۔ 1978سے 1983 کے درمیان اس کا کرایہ 800 روپئے اور 1983سے 1988 کے درمیان ایک ہزار 750 روپئے طے کیا گیا تھا۔

اس کے بعد کچھ وجوہات کے بناء پر عدالتی معاملہ درپیش آ گیا لیکن اب عدالت کا اس ضمن میں فیصلہ اور دیگر وقف قوانین کے مطابق انڈین آئیل نامی سرکاری کمپنی فی ماہ دو لاکھ روپئے (سالانہ 24 لاکھ روپئے) نیز اس میں سالانہ 5 فیصد اضافے کے ساتھ 15 سال کے لیے (یکم جنوری 2015 سے 31 دسمبر 2029 تک) لیز معاہدہ کیا گیا ہے۔ اس حساب سے 2020 سے متعلقہ ٹرسٹ کو ماہانہ 2 لاکھ 55 ہزار روپئے کرایہ موصول ہوگا۔ اس کے علاوہ متعلقہ ٹرسٹ کو گزشتہ عرصے کا بقایا جات بھی حاصل ہوگا۔ اس ضمن میں وقف بورڈ کے وزیر نواب ملک نے حکومتی فیصلے کے مطابق منظوری دیدی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔