ممبئی: حج ہاؤس آئی اے ایس کوچنگ سینٹر میں مزید 100 نشستوں کو بحال کرنے کا مطالبہ

مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ممبئی کے حج ہاؤس میں جاری مقابلہ جاتی امتحان کے رہائشی کوچنگ سنٹر کی مزید 100 نشستوں کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

مختار عباس نقوی، ابوعاصم اعظمی اور رئیس شیخ
مختار عباس نقوی، ابوعاصم اعظمی اور رئیس شیخ
user

محی الدین التمش

ممبئی: مرکزی حج کمیٹی کے زیر انصرام ممبئی کے حج ہاؤس میں حج کمیٹی آف انڈیا آئی اے ایس کوچنگ اینڈ گائیڈنس سیل چلایا جاتا ہے۔ اس ریسیڈینشیل کوچنگ سینٹر میں مسلم طلبہ و طالبات کو مفت میں مقابلہ جاتی امتحان کی تربیت فراہم کی جاتی ہے۔ حال ہی میں مرکزی حج کمیٹی کے چیف ایکزیکیٹو افسر محمد یعقوب شیخا نے دو سو نشستوں کو کم کرکے سو کر دیا تھا۔ مرکزی حج کمیٹی کے سی ای او کے اس فیصلے کے خلاف ناراضگی بڑھتی جا رہی ہے، اس کے ساتھ ہی دو سو نشستوں کو دوبارہ بحال کرنے کا بھی مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

ممبئی: حج ہاؤس آئی اے ایس کوچنگ سینٹر میں مزید 100 نشستوں کو بحال کرنے کا مطالبہ

سماج وادی پارٹی کے نمائندہ وفد نے دہلی میں مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی سے ملاقات:

ممبئی حج ہاؤس یو پی ایس سی کوچنگ اینڈ گائیڈنس سیل کی نشستوں کو سو سے دو سو کرنے کے مطالبے کو لے کر آج سماج وادی پارٹی مہاراشٹر کا ایک وفد دہلی میں وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی سے ملا۔ اس وفد میں رکن اسمبلی اور مہاراشٹر سماج وادی پارٹی کے کارگزارصدر ابوعاصم اعظمی اور بھیونڈی سے رکن سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی رئیس شیخ شامل تھے۔ ابوعاصم اعظمی نے محتارعباس نقوی سے حج ہاؤس مقابلہ جاتی کوچنگ سینٹر کی دو سو نشستوں کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا اوراس کے ساتھ طالبات کو فوقیت دینے اور طلباء و طالبات کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو دوبارہ بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔


بھیونڈی سے رکن اسمبلی رئیس شیخ نے مختار عباس نقوی سے ہونے والی ملاقات کی تفصیل بیان کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی وزارت برائے اقلیتی امور سے یو پی ایس سی امتحان کے لئے موصول ہونے والی درحواست کے لحاظ سے ہر سال حج ہاوس کوچنگ اینڈ گائیڈنس سیل کی نشستوں میں بھی اضافے کیا جائے۔ رئیس شیخ نے کہا کہ 2009 میں یوپی ایس سی امتحان کے لئے تین لاکھ درخواستیں موصول ہوتی تھیں، اب یہی درخواستیں دس لاکھ کے اوپر پہنچ چکی ہیں۔ درخواست میں اضافے کے لحاظ سے حج ہاؤس کوچنگ کی نشستوں میں بھی اضافہ ہونا چاہئے۔ اس تعلق سے ایک ٹھوس پالیسی بھی ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔ رئیس شیخ نے کہا کہ مختار عباس نقوی نے ہمارے مطالبات کو سنجیدگی سے سنتے ہوئے سیٹوں کو بڑھانے کا یقین دلایا اور مرکزی حج کمیٹی کے سی ای او یعقوب شیخا سے اس معاملے سے متعلق بات کرنے اور پالیسی ترتیب دینے کے متعلق بھی بات کرنے کا یقین دلایا۔

مختار عباس نقوی کو کئی اراکین پارلیمنٹ اور اراکین اسمبلی کے خطوط روانہ:

حج کمیٹی آف انڈیا مقابلہ جاتی تربیتی مرکز کے معاملے میں کئی اراکین پارلیمنٹ اور اسمبلی سمیت مہاراشٹر حکومت کے وزراء نے بھی مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے حج ہاؤس کوچنگ کی دو سو نشستوں کو بحال کرنے، سینئر طلباء وطالبات کو واپس لینے اور طعام و قیام میں سہولیات فراہم کرنے کے مطالبے کو لے کرمختار عباس نقوی کو مکتوب روانہ کئے ہیں۔ مکتوب روانہ کرنے والوں میں این سی پی کی رکن پارلیمان فوزیہ خان، ایم آئی ایم کے اورنگ آباد سے رکن پارلیمان امتیاز جلیل، سماج وادی پارٹی رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی، بھیونڈی رکن اسمبلی رئیس شیخ، رکن اسمبلی رتناکر گٹے، رکن اسمبلی دھیرج ویلاس راؤ دیشمکھ، شیوسینا رکن اسمبلی بالاجی کلیانکر، مغربی بنگال سے رکن اسمبلی نوشاد صدیقی، بہار سے رکن اسمبلی اخترالایمان سمیت دیگر اراکین اسمبلی شامل ہیں۔ ان تمام سیاسی لیڈران نے مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے حج ہاؤس مقابلہ جاتی کوچنگ کی نشستوں کو بحال کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ ساتھ ہی منقطع شدہ سہولیات کو دوبارہ جاری کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

ممبئی: حج ہاؤس آئی اے ایس کوچنگ سینٹر میں مزید 100 نشستوں کو بحال کرنے کا مطالبہ

مرکزی حج کمیٹی مرکزی وزارت کے حکم کی منتظر:

مرکزی حج کمیٹی کے سی ای او یعقوب شیخا نے کہا کہ مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے 50 طلباء و طالبات کوتربیت فراہم کی جاتی تھی، بعد ازاں سینٹرل وقف کونسل کی امداد کی بناء پر مزید 50 نشستوں کا اضافہ کیا گیا تھا۔ مرکزی حج کمیٹی کے سابق سی ای او مقصود احمد خان نے 2015 میں مزید سو نشستوں کا اضافہ کر سو سیٹوں کو دوسو سیٹیں کر دیا تھا، لیکن انہوں نے اس اضافے کے لئے مرکزی وزارت برائے اقلیتی امور سے ضروری پرمیشن نہیں لی تھی، جس کی وجہ سے اضافہ شدہ سو نشستوں کو نئے سی ای او یعقوب شیخ کے ذریعے منقطع کر دیا گیا تھا۔ یعقوب شیخا نے کہا کہ لوگوں کے مطالبات کو دیکھتے ہوئے مرکزی وزارت برائے اقلیتی امورسے مزید سو نشستوں کو بڑھانے کی تجویز بھیجی گئی ہے۔

فیصلے کا اختیار مرکزی وزارت برائے اقلیتی امور کے پاس:

حج کمیٹی آئی اے ایس کوچنگ اینڈ گائیڈنس سیل کی سو نششتوں کو دو سو تک کرنے کا فیصلہ اب مرکزی وزارت برائے اقلیتی امور کے پاس ہے۔ سیاست دانوں اور اراکین پارلیمنٹ اور اسمبلی کے خطوط اور مطالبات میں مرکزی وزارت سے نشسوں میں اضافے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی مرکزی حج کمیٹی کے سی ای او نے بھی مزید سو نشستوں کے اضافے کے لئے مرکز کو تجویز بھیجی ہے۔

ممبئی: حج ہاؤس آئی اے ایس کوچنگ سینٹر میں مزید 100 نشستوں کو بحال کرنے کا مطالبہ

حج کمیٹی کوچنگ اینڈ گائیڈنس سیل:

ممبئی میں مرکزی حج کمیٹی کے صدر دفتر حج ہاؤس میں حج کمیٹی آف انڈیا آئی اے ایس کوچنگ اینڈ گائیڈنس سیل 2008 سے چلایا جاتا ہے۔ اس کے ذریعے خواہشمند مسلم طلبہ و طالبات کو یو پی ایس سی امتحان کی تربیت دی جاتی ہے۔ حج کمیٹی سالانہ امتحان اور انٹرویو کا انٹرنس امتحان کے ذریعے سو مسلم طلبہ و طالبات کا انتخاب کرتی ہے اور مفت میں مقابلہ جاتی امتحان کی کوچنگ فراہم کرتی ہے۔ حج کمیٹی طلباء و طالبات کو مفت میں کوچنگ کے ساتھ قیام بھی فراہم کرتی ہے لیکن طعام کے انتظام کی سالانہ فیس چارج کرتی ہے۔ 2008 میں شروع ہونے والی اس کوچنگ اور گائیڈنس سیل سے تربیت حاصل کرکے کئی طلبہ و طالبات نے UPSC اور اسٹیٹ پبلک سروس کمیشن کے امتحانات میں کامیابی حاصل کی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔