ممبئی: حج ہاوس مقابلہ جاتی امتحان کوچنگ سینٹر کے 4 طلبہ یو پی ایس سی امتحان میں کامیاب

ممبئی کے حج ہاوس میں مسلم طلبہ و طالبات کی رہنمائی اور تربیت کے لیے چلانے جانے والی کوچنگ سے استفادہ کرنے والے 4 طلبہ نے اس سال یونین پبلک سروس کمیشن کے امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے

<div class="paragraphs"><p>یو پی ایس میں کامیاب (دائیں سے) قاضی عائشہ ابراہیم، خان تسکین، محمد حسین سید اور زمان محمد برہان</p></div>

یو پی ایس میں کامیاب (دائیں سے) قاضی عائشہ ابراہیم، خان تسکین، محمد حسین سید اور زمان محمد برہان

user

محی الدین التمش

رپورٹ : محی الدین التمش

ممبئی : یونین پبلک سروس کمیشن (UPSC) امتحان برائے 2022 میں حج ہاؤس مقابلہ جاتی کوچنگ سینٹر سے استفادہ کرنے والے چار طلبہ برہان زماں، محمد حسین سید، عائشہ قاضی اور تسکین خان نے کامیابی حاصل کی ہے۔ برہان زماں نے یوپی ایس سی امتحان میں آل انڈیا 768 واں رینک حاصل کیا ہے۔ جبکہ دوسرے طالبِ علم؛ محمد حسین سید نے 750 واں رینک ، عائشہ قاضی نے 582 واں اور تسکین خان نے 736 واں رینک حاصل کیا ہے۔

برہان زماں کا تعلق کلکتہ سے ہے انہوں نے حج ہاوس میں 2019-2020 کے بیچ میں کوچنگ حاصل کی تھی ۔ محمد حسین سید کا تعلق ممبئی کے پائیدھونی علاقے سے ہے۔ انہوں نے 2019 سے 2021 تک حج ہاوس کوچنگ اینڈ گائیڈنس سیل سے استفادہ کیا تھا۔عائشہ قاضی کا تعلق ممبئی کےمضافاتی علاقے کلوا سے ہے انہوں نے 2019 کے بیچ میں حج ہاوس سے تربیت حاصل کی تھی ۔ جبکہ میرٹھ سےتعلق رکھنے والی تسکین خان نے 2019 بیچ سے مقابلہ جاتی امتحان کی تربیت حاصل کی تھی۔

واضح رہے کہ ممبئی میں واقع مرکزی حج کمیٹی کے صدر دفتر حج ہاوس کی عمارت میں سو مسلم طلبہ طالبات کو مقابلہ جاتی امتحان کی کوچنگ دی جاتی ہے۔ پچاس طلبہ کے اخراجات کو حج کمیٹی برداشت کرتی ہے، جبکہ پچاس طلبہ کے اخراجات کو مرکزی وقف کونسل برداشت کرتی ہے۔ حج ہاوس کی عمارت میں سو طلبہ کے لئے قیام و طعام کے ساتھ مفت میں کوچنگ کا انتظام کیا جاتا ہے۔ ہرسال جون جولائی میں حج ہاوس کوچنگ سینٹر کیلئے داخلہ امتحان فارم نکلتے ہیں۔ داخلہ امتحان اور پینل انٹرویو کے بعد ایڈمیشن دیا جاتا ہے۔ حج ہاوس یو پی ایس سی کوچنگ سینٹر سے ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے مسلم طلبہ و طالبات استفادہ کرتے ہیں ۔

مرکزی حج کمیٹی کے چیف ایگزیکٹو افسر یعقوب شیخا نے طلبہ کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ محنت کرنے والے طلبہ و طالبات کو مقابلہ جاتی امتحانات میں پھل ملتا ہے۔ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ طلبہ و طالبات کیلئے بہترین کوچنگ اور سہولیات کا انتظام کیا جائے۔ اس قبل بھی حج ہاوس کوچنگ سینٹر سے کئی طلبہ و طالبات نے کامیابی حاصل کی اور وہ آج ملک و قوم کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔

یادرہے کہ گذشتہ سال 2021 میں حج ہاوس کوچنگ سینٹر کے تین طلبہ نے مقابلہ جاتی امتحان میں کامیابی حاصل کی تھی ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔