بچوں کے پسندیدہ استاد تھے ملائم سنگھ  یادو

کہا جاتا ہے کہ ملائم سنگھ کا پڑھانے کا طریقہ بالکل مختلف تھا۔ بچوں کو ان کے پڑھانے کا انداز بہت پسند تھا جس کی وجہ سے وہ ان کے پسندیدہ استاد بن گئے۔

ملائم سنگھ  یادو، تصویر آئی اے این ایس
ملائم سنگھ  یادو، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماج وادی پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو اب اس دنیا میں نہیں رہے۔ طویل عرصے سے بلڈ پریشر اور سانس لینے میں دشواری کے باعث ان کی طبیعت ناساز تھی جس کے بعد آج 10 اکتوبر کو انہوں نے 82 سال کی عمر میں آخری سانس لی۔ وہ تین بار اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ رہ چکے تھے۔ ان کے انتقال پر ریاست میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔

ملائم سنگھ 22 نومبر 1939 کو اتر پردیش کے اٹاوہ میں پیدا ہوئے۔ بچپن میں ان کے والد سودھر سنگھ انہیں پہلوان بنانا چاہتے تھے اور انہیں کشتی کا بہت شوق بھی تھا۔ ان کے اسکول کے استاد ادے پرتاپ سنگھ کو کشتی پر ان کی توجہ پسند نہیں تھی اور وہ انھیں مسلسل پڑھائی پر توجہ دینے کی ترغیب دیتے تھے۔ انہوں نے اپنی تعلیم اٹاوہ، فتح آباد اور آگرہ سے حاصل کی۔


انہوں نے 1955 میں کرہل، مین پوری کے جین انٹر کالج میں داخلہ لیا اور 1959 میں یہاں سے بی ٹی (بیچلر آف ٹیچنگ) کی ڈگری حاصل کی۔ 1963 میں اس کالج میں بطور اسسٹنٹ ٹیچر پڑھانا شروع کیا۔ وہ ہائی اسکول میں ہندی اور انٹرمیڈیٹ میں سوشل سائنس پڑھاتے تھے۔ معلومات کے مطابق اس وقت وہ 120 روپے ماہانہ تنخواہ پر پڑھایا کرتے تھے۔ انہوں نے آگرہ یونیورسٹی سے پولیٹیکل سائنس میں ایم اے کی ڈگری لی۔

کہا جاتا ہے کہ ملائم سنگھ کا پڑھانے کا طریقہ بالکل مختلف تھا۔ بچوں کو ان کے پڑھانے کا انداز بہت پسند تھا جس کی وجہ سے وہ ان کے پسندیدہ استاد بن گئے۔ وہ اپنے نرم انداز کی وجہ سے بچوں کے ساتھ کبھی سخت نہیں ہوئے۔ کچھ سال پڑھانے کے بعد وہ سیاست میں کود پڑے اور 1967 میں پہلی بار یوپی کے جسونت نگر سے ایم ایل اے بنے۔ وہ 8 بار ایم ایل اے اور 7 بار لوک سبھا ایم پی منتخب ہوئے۔ وہ 1996 سے 1998 تک ملک کے وزیر دفاع بھی رہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔