اعظم خان کی بے عزتی کے خلاف تحریک چلائے ایس پی: ملائم سنگھ

مائم یادو نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی حکومت میں ناانصافی کا دور دورہ ہے۔ اعظم خان کو وہ اچھی طرح سے جانتے ہیں ان جیسا محنتی اور جفاکش لیڈر کبھی بھی بے ایمانی نہیں کرسکتا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

لکھنؤ: سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے قدآور رہنما اور رامپور سے رکن پارلیمان اعظم خان کو جفا کش اور ایماندار بتاتے ہوئے پارٹی کے نگراں ملائم سنگھ یادو نے منگل کو کہا کہ سماج وادی لیڈر کی سرعام کی جا رہی بے عزتی کا بدلہ لینے کے لئے کارکنوں کو یکجا ہوکر تحریک چلانے کی ضرورت ہے جس میں وہ بذات خود بھی موجود ہوں گے۔

مائم یادو نے عرصے بعد پارٹی دفتر میں منعقد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی( بی جے پی) کی حکومت میں ناانصافی کا دور دورہ ہے۔ اعظم خان کو وہ اچھی طرح سے جانتے ہیں ان جیسا محنتی اور جفاکش لیڈر کبھی بھی بے ایمانی نہیں کرسکتا۔ وہ ایک قومی لیڈر ہیں جن کی مقبولیت پورے ملک میں تیزی سے بڑھ رہی ہے اور یہ بات بی جے پی کے کچھ لیڈروں کو ہضم نہیں ہورہی ہے اور وہ جان بوجھ کر اعظم خان کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا

انہوں نے کہا کہ سینکڑوں بیگھہ زمین کے مالک خان، دو بیگھے زمین کے لئے بے ایمانی کریں گے۔ یہ بات کسی کو بھی ہضم نہیں ہوسکتی۔ دو بیگھے زمین کے لئے ان پر 27 مقدمے درج کیے گئے ہیں۔ ان کو ظالم کہا جا رہا ہے۔ تاعمر غریب مزدوروں کے حق کی لڑائی لڑنے والا بھلا ظالم کیسے ہوسکتا ہے۔ منصوبہ بند طریقے سے اعظم کی بے عزتی کی جا رہی ہے جس کو برداشت نہیں کیا جاسکتا ہے۔

ملائم نے کہا کہ اس بے عزتی کا بدلہ لینے کے لئے وہ خود کارکنوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملاکر کھڑے رہیں گے اور اگر ضرورت ہوئی تو وہ اس بارے میں وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اعظم خان جیسا شخص کسی بھی غیر قانونی سرگرمیوں میں شامل نہیں ہوسکتا، بی جے پی کے کچھ لیڈر خود اس بات کو مانتے ہیں کہ ان کی پارٹی ایس پی رکن پارلیمان کے خلاف غلط کر رہی ہے اور اس کا خامیازہ بی جے پی کو اٹھانا پڑے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔