مختار انصاری کی عمارت مسمار، عتیق کی 25 کروڑ کی املاک ضبط، زورآوروں کے خلاف یوگی حکومت کی کارروائی

اطلاعات کے مطابق مقامی انتظامیہ اور لکھنؤ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے آج صبح مختار انصاری کے بیٹے عمر اور عباس کی عمارت پر دھاوا بولا اور تقریباً 200 ملازمین نے دو منزلہ عمارت کو زمین دوز کر دیا۔

مختار انصاری کی عمارت کو مسمار کرتا انتظامیہ کا بُل ڈوزر / تصویر یو این آئی
مختار انصاری کی عمارت کو مسمار کرتا انتظامیہ کا بُل ڈوزر / تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ/الہ آباد: اتر پردیش کی یوگی حکومت نے زورآور لیڈران عتیق احمد اور مختار انصاری کے خلاف لگاتار کارروائی کرتے ہوئے ان کی املاک کو ضبط کرنے اور عمارت کو مسمار کرنے کی کارروائی انجام دی ہے۔ گزشتہ روز پولیس نے عتیق احمد کی الہ آباد میں واقع کروڑوں کی املاک کو ضبط کر لیا جبکہ لکھنؤ میں مختار انصاری سے وابستہ عمارت کو انتظامیہ کے حکم پر مسمار کر دیا گیا۔

مختار انصاری کی عمارت مسمار، عتیق کی 25 کروڑ کی املاک ضبط، زورآوروں کے خلاف یوگی حکومت کی کارروائی

اطلاعات کے مطابق مقامی انتظامیہ اور لکھنؤ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے جمعرات کی صبح مختار انصاری کے بیٹے عمر اور عباس کی عمارت پر دھاوا بولا اور تقریباً 200 ملازمین نے دو منزلہ عمارت کو زمین دوز کر دیا۔ انتظامیہ کا الزام ہے کہ تقریباً 8000 اسکوائر فٹ پر مشتمل اس عمارت کو غیر قانون طور پر تعمیر کیا گیا ہے۔ ایل ڈی اے کے وی سی شیواکانت اوجھا نے کہا کہ یہ ’دشمن املاک‘ ہے اور اس پر مقدمہ بھی زیر التوا ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ ایل ڈی اے نے انہدامی کارروائی سے قبل نوٹس بھیج کر وضاحت طلب کی تھی لیکن کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ اس کے بعد جمعرات کی صبح ایل ڈی اے کی جوائنٹ سکریٹری ریتو سُہاس اور سکریٹری منگلا پرساد، اے ڈی سی پی حضرت گنج بڑی پولیس فورس کے ساتھ عمارت کو مسمار کرنے کے لئے پہنچے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس انتظامیہ سمیت 200 سے زیادہ پولیس اہلکاروں نے 20 سے زیادہ جے سی بی مشینوں کی مدد سے انہدامی کارروائی کو انجام دیا۔ یوگی حکومت کے مطابق عمارت کے تعمیر ہونے سے انہدام کیے جانے تک کا نہ صرف کرایہ وصول کیا جائے گا بلکہ اسے انہدام کرنے میں جو خرچ آیا ہے اس کی بھی وصولی ہوگی۔


واضح رہے کہ عتیق احمد کی سات املاکوں کو ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے، ان میں دو مکان خلد آباد علاقے کے چکیا محلہ میں واقع ہیں جن کی قیمت تقریبا ڈھائی کروڑ روپئے ہے۔ اس کے علاوہ دھومن گنج کے سبھا صدر نگر اور کالندی پورم واقع ڈھائی کروڑ روپئے کے دو مکان، سول لائن ایم جی شاہراہ پر واقع 20 کروڑ روپے کے ایک مکان کو پولیس نے سیل کر دیا۔

عتیق احمد کی 25 کروڑ کی ملکیت ضبط

لکھنؤ: سابق رکن پارلیمنٹ عتیق احمد کی 25 کروڑ روپئے مالیت کی املاک پولیس نے ضبط کر لی ہے۔ پولیس ذرائع نے جمعرات کو یہاں بتایا کہ الہ آباد کے کینٹ علاقے میں پولیس نے بدھ کی شام عتیق احمد کی ملکیت کو ضبط کر لیا۔ پولیس کے مطابق یہ کارورائی مجرمانہ مقدمہ کے سلسلہ میں کی گئی ہے۔

عتیق احمد کی املاک ضط کرنے پہنچی پولیس فورس / تصویر بشکریہ امر اجالا
عتیق احمد کی املاک ضط کرنے پہنچی پولیس فورس / تصویر بشکریہ امر اجالا

ایس پی سٹی کی قیادت میں بدھ کی دوپہر ضبطی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ عتیق احمد کے گھر کے پچھلے حصہ کو بھی ضبط کیا گیا ہے، تاہم اس حصہ کی حالت خستہ ہے۔ پولیس نے بتایا کہ عتیق کے خلاف کارروائی کرنے کے لئے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی جانب سے بھیجی گئی رپورٹ پر 13 اگست کو ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ بھانو چندر گوسوامی نے اترپردیش گروہ بند اور انسداد سماج مخالف امور ایکٹ کے تحت غیر قانونی طور سے حاصل کی گئی کل سات ملکیتوں کو ضبط کرنے کا حکم دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 27 Aug 2020, 6:46 PM