مکیش امبانی نے ’جیو 5جی‘ سروس کا کیا اعلان، بس دیوالی تک کا انتظار

ابھی تک ریلائنس جیو نے 5جی سم کو لے کر کوئی آفیشیل جانکاری نہیں دی ہے، لیکن دیوالی کو اب محض دو ماہ ہی بچے ہیں، اس لیے امید کی جا رہی ہے کہ جلد ہی کمپنی 5جی کے پلانس اور سم کا اعلان کرے گی۔

مکیش امبانی، تصویر آئی اے این ایس
مکیش امبانی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ (آر آئی ایل) کے چیف منیجنگ ڈائریکٹر مکیش امبانی نے آئندہ دیوالی کے پیش نظر ایک بڑا اعلان کیا ہے۔ ویسے تو انھوں نے آج کمپنی کی 45ویں سالانہ عام اجلاس (اے جی ایم) میں سبھی اسٹیک ہولڈرس سے خطاب کرتے ہوئے کئی بڑے اعلانات کیے، لیکن سب سے بڑا اعلان یہ کیا کہ جیو کی 5جی سروس کی شروعات آئندہ دیوالی سے ہوگی۔ یعنی دیوالی سے انٹرنیٹ سروس استعمال کرنے والوں کو 5جی کا تحفہ ملنے والا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ دہلی، ممبئی، چنئی اور کولکاتا میں دیوالی سے 5 جی سروس ملنے لگے گی، اور پھر سال کے آخر تک پورے ملک میں یہ سہولت دستیاب ہوگی۔

قابل ذکر ہے کہ ابھی تک ریلائنس جیو نے 5جی سم کو لے کر کوئی آفیشیل جانکاری نہیں دی ہے۔ لیکن دیوالی کو اب محض دو ماہ ہی بچے ہیں، اس لیے امید کی جا رہی ہے کہ جلد ہی کمپنی 5جی کے پلانس اور سم کا اعلان کرے گی۔ امبانی کا کہنا ہے کہ کمپنی ہندوستان کو ڈاٹا پاورڈ اکونومی بنانا چاہتی ہے تاکہ چین اور امریکہ سے آگے نکلا جا سکے۔ واضح رہے کہ جیو 5جی کے لیے کمپنی تازہ ترین ورژن ہائی اسپیڈ 5جی سالیوشن ڈیپلائے کرے گی جسے اسٹینڈ اَلون 5جی کہا جاتا ہے۔ امبانی کا کہنا ہے کہ دوسری کمپنیاں اسٹینڈ اَلون 5جی رول آؤٹ نہیں کر رہی ہیں۔


حالانکہ ابھی تک یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ 4جی کے مقابلے میں 5جی سروس کتنی مہنگی ہوگی، یا پھر یہ سہولت سستی شرح پر دستیاب ہوگی۔ جیو 5جی کے پلان کے تعلق سے بھی ہنوز کوئی جانکاری نہیں دی گئی ہے۔ حالانکہ امبانی نے اپنی تقریر میں ’افورڈیبل 5جی‘ کا تذکرہ کئی بار کیا ہے۔ یعنی امبانی کے مطابق 5جی سروس ایسا ہوگی جو کہ بہت زیادہ مہنگی نہیں ہوگی۔ یعنی جیو 4جی کے مقابلے میں جیو 5جی کے پلانس مہنگے تو ہو سکتے ہیں، لیکن بہت زیادہ نہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔