مدھیہ پردیش کا کروڑ پتی سپاہی، سونا چاندی جمع کرنے کا جنون، سوربھ شرما کی غیر قانونی دولت بے نقاب
مدھیہ پردیش کے سابق کانسٹیبل سوربھ شرما کے گھر سے 234 کلو چاندی، 2.87 کروڑ نقدی اور دیگر اثاثے برآمد۔ شرما نے نقدی کو سونے اور چاندی میں تبدیل کر کے غیر قانونی سرمایہ بنایا

علامتی تصویر / اے آئی
مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں سابق کانسٹیبل سوربھ شرما کے گھر اور دفتر پر لوکایکت کی چھاپہ ماری کے دوران حیران کن انکشافات سامنے آئے ہیں۔ لوکایکت ذرائع کے مطابق، سوربھ نقدی کی بجائے سونے اور چاندی پر زیادہ بھروسہ کرتا تھا۔ وہ کیش کو جلد از جلد ان دھاتوں میں بیش قیمتوں تبدیل کر لیتا تاکہ نقصان سے بچا جا سکے اور بہتر منافع حاصل ہو۔
تفتیش میں یہ بھی پتہ چلا کہ نقدی کو طویل عرصے تک رکھنے پر خراب ہونے یا چوہوں کے نقصان کا خدشہ سوربھ شرما کو پریشان کرتا تھا۔ اس نے سونے اور چاندی کی اینٹیں بنوا کر میکنگ چارج سے بھی بچنے کی کوشش کی۔
18 اور 19 دسمبر کو کی گئی چھاپہ ماری میں 7.98 کروڑ روپے کی جائیداد برآمد ہوئی جس میں 2.87 کروڑ روپے نقد اور 234 کلو چاندی شامل ہے۔ لوکایکت پولیس کے ڈی جی جے دیپ پرساد نے انکشاف کیا کہ سوربھ شرما نے بدعنوانی سے حاصل کی گئی رقم سے نہ صرف چاندی اور سونا خریدا بلکہ اپنے قریبی رشتہ داروں اور دوستوں کے نام پر اسکول اور ہوٹل بھی قائم کیے۔
سوربھ کو 2015 میں والد کی وفات کے بعد محکمہ ٹرانسپورٹ میں ملازمت دی گئی تھی، جہاں اس نے مبینہ طور پر ناجائز طریقوں سے بھاری دولت اکٹھی کی۔ لوکایکت کی تحقیقات جاری ہیں اور مزید انکشافات کا امکان ہے۔
سوربھ شرما کے معاملے میں مزید تحقیقات سے معلوم ہوا کہ اس نے اپنے قریبی ساتھیوں، خاص طور پر چیتن سنگھ گوڑ اور شرد جیسوال کے ذریعے بھی غیر قانونی اثاثے جمع کیے۔
لوکایکت حکام نے ان ساتھیوں کے ٹھکانوں سے بھی بڑی مقدار میں نقدی، سونا اور زمین کے کاغذات برآمد کیے ہیں۔ ان دستاویزات کی بنیاد پر مزید جائیدادوں کا پتا لگایا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق، شرما نے اپنی غیر قانونی آمدنی کو خاندان اور دوستوں کے نام پر مختلف کاروباروں میں لگایا، جن میں اسکول اور ہوٹل شامل ہیں، تاکہ اپنی دولت کو چھپایا جا سکے اور اسے قانونی دکھایا جا سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔