کھاد کی قطار میں آدیواسی خاتون کی موت، کمل ناتھ کا حکومت پر لاپروائی سے ہوئی ہلاکت کا الزام

کھاد کی لائن میں آدیواسی خاتون کی سردی سے موت پر کانگریس نے حکومت پر سنگین الزام لگایا۔ کمل ناتھ نے اسے سرکاری لاپروائی سے ہوئی منظم ہلاکت قرار دیا اور کھاد گھوٹالے کی بھی نشاندہی کی

<div class="paragraphs"><p>مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

بھوپال: مدھیہ پردیش کے گونا ضلع میں کھاد کی طویل قطار میں لگی ایک آدیواسی خاتون کی موت نے ریاستی سیاست میں ہلچل مچا دی ہے۔ بگیرہ ڈبل لاک کھاد تقسیم مرکز پر یوریا لینے پہنچی بھوری بائی نامی خاتون کی سردی اور تھکن کے باعث شب کے وقت موت ہوگئی۔ واقعہ کے بعد کانگریس نے حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے اسے سرکاری لاپروائی سے ہوئی پُر اسرار ہلاکت قرار دیا ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے کہا کہ بھوری بائی کی موت کوئی معمولی واقعہ نہیں بلکہ ایک ایسی منظم کوتاہی کا نتیجہ ہے جسے حکومت نے خود پیدا کیا ہے۔ ان کے مطابق خاتون تین دن تک کھاد کے لیے لائن میں لگتی رہیں۔ کبھی مشین خراب بتائی جاتی، کبھی افسران غائب ملتے اور کبھی پورا نظام بند قرار دیا جاتا۔ بھوک، شدید سردی اور تھکن نے ان کی صحت کو مسلسل کمزور کیا لیکن نہ انتظامیہ نے کوئی مدد فراہم کی اور نہ ہی وقت پر طبی امداد دی گئی۔


کمل ناتھ کا کہنا تھا کہ جب اہل خانہ رات کے وقت انہیں اسپتال لے کر پہنچے تب تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ انہوں نے کہا، ’’یہ صرف ایک موت نہیں بلکہ اس نظام کی پیدا کردہ ہلاکت ہے جو کسانوں پر مسلط کیا گیا ہے۔‘‘ ان کے مطابق کسان کڑاکے کی سردی میں زمین پر لیٹ کر رات گزارنے پر مجبور ہیں جبکہ حکومت صرف بیانات تک محدود ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ انتظامیہ تبھی جاگتی ہے جب کسی کسان کی موت ہو جاتی ہے۔ بھوری بائی کے انتقال کے فوراً بعد اچانک مشینیں ٹھیک ہو گئیں اور صبح ساڑھے چھ بجے تک کھاد تقسیم شروع کر دیا گیا۔ کمل ناتھ نے کہا کہ ’’یہ ثابت کرتا ہے کہ کسانوں کی موت ہی اس حکومت کے لیے واحد الارم بن گئی ہے۔‘‘

کانگریس لیڈر نے یہ بھی کہا کہ ریاست میں کھاد کی حقیقی کمی نہیں ہے بلکہ نیت کی کمی ہے۔ ان کے مطابق مافیا، دلال اور چند افسران کھاد کو ذخیرہ کر کے کالابازاری کرتے ہیں جبکہ کسان قطاروں میں تڑپتے رہتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سرکاری بے حسی کے باعث کبھی قرض، کبھی قطار اور کبھی دیگر لاپرواہیوں سے کسانوں کی جانیں جا رہی ہیں لیکن حکومت خاموش ہے۔

کمل ناتھ نے کہا کہ بھوری بائی کھاد نہیں بلکہ اپنا حق لینے آئی تھیں مگر نظام نے انہیں لائن میں کھڑا رکھ کر مار دیا۔ ان کے مطابق ’’یہ صرف انتظامی ناکامی نہیں بلکہ نظام کے ذریعے کی گئی ہلاکت ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔