رکن پارلیمنٹ پرگیہ ٹھاکر پر کتھا سنانے والے کی اہلیہ نے لگایا حملہ کا الزام

کتھا سنانے والے ناگیندر مہاراج کی بیوی نے رکن پارلیمنٹ پرگیہ ٹھاکر کے حامیوں پر حملہ کرنے اور دھمکیاں دینے کا الزام لگایا ہے۔ اس تعلق میں ورنداون کوتوالی پولیس کو تحریری شکایت کی گئی ہے۔

پرگیہ ٹھاکر
پرگیہ ٹھاکر
user

قومی آوازبیورو

متھرا ضلع کے ورنداون میں بھوری والا آشرم خبروں میں ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ بھوپال کی رکن پارلیمنٹ پرگیہ سنگھ ٹھاکر اور کتھا سنانے والے ناگیندر مہاراج کی بیوی میناکشی اس معاملے میں آمنے سامنے آگئی ہیں۔ کتھا سنانے والے ناگیندر مہاراج کی بیوی نے بی جے پی ایم پی کے حامیوں پر حملہ اور دھمکی کا الزام لگایا ہے۔ اس بارے میں ورنداون کوتوالی پولیس کو تحریری شکایت کی گئی ہے۔ ساتھ ہی پرگیہ نے بھی یوپی پولیس پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے ڈی جی پی سے اس معاملے کی شکایت کی ہے۔

 بھوپال کی رکن پارلیمنٹ پرگیہ سنگھ ٹھاکر کا کہنا ہے کہ وہ بھوری والا آشرم کے مہنت سوامی درشانند جی کی خیریت معلوم کرنے آئی تھیں۔ اس دوران آشرم کے باہر کھڑی ایک کار کی وجہ سے ان کی گاڑی وہاں سے نہیں نکل سکی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا عملہ اس بارے میں باتیں کر رہا تھا۔ یہ سنتے ہی قریبی گھر میں رہنے والے کار مالک ناگیندر مہاراج کی بیوی نے انہیں گالی دینا شروع کر دی۔  دوسری طرف کتھا سنانے والے ناگیندر مہاراج کی بیوی کا الزام ہے کہ رکن پارلیمنٹ کے حامیوں نے ان کے ساتھ بدسلوکی کی، مار پیٹ کی اور جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی۔


ساتھ ہی ایم پی پرگیہ ٹھاکر کا کہنا ہے کہ علاقے کی پولیس ناگیندر مہاراج سے ملی ہوئی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پولیس افسر نے بدسلوکی کرنے والی خاتون کو کچھ نہیں کہا، الٹا انہیں کے آدمیوں کو دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔ بی جے پی ایم پی کا کہنا ہے کہ غنڈہ گردی کھلے عام ہو رہی ہے۔ انہوں نے اس کی شکایت ڈی جی پی سے کی ہے اور متھرا کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سے بھی بات کی ہے۔انہوں نے مقامی ورنداون پولیس پر ناگیندر مہاراج سے ملے ہونے کا الزام لگایا ہے۔

 نیوز پورٹل آج تک پر شائع خبر کے مطابق یہ معاملہ ایک آشرم سے جڑی جائیداد کا بتایا جا رہا ہے، جس پر دونوں فریق اپنا قبضہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اب پولس انتظامیہ کا کوئی بھی افسر اس معاملے میں کیمرے کے سامنے کچھ کہنے کو تیار نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔