مدھیہ پردیش میں پولس کے ذریعہ دلت کسان کی پٹائی پر راہل گاندھی کا سخت رد عمل، کہا ’ہماری لڑائی اسی سوچ کے خلاف‘

گنا میں زمین سے غیر قانونی قبضہ ہٹانے کے لیے پولس کی ٹیم پہنچی تھی۔ کسان نے فصل کٹ جانے تک رکنے کے لیے کہا۔ پولس نہیں رکی اور دلت فیملی کے ساتھ زور زبردستی کرنے لگی، ان کی بے رحمی سے پٹائی کی گئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مدھیہ پردیش کے گنا میں دلت کسان فیملی کے ساتھ پولس کے ذریعہ کی گئی بے رحمی کی پورے ملک میں شدید مذمت ہو رہی ہے۔ اس درمیان راہل گاندھی نے پورے واقعہ کا ویڈیو ٹوئٹ کرتے ہوئے سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ "ہماری لڑائی اسی سوچ اور ناانصافی کے خلاف ہے۔"


دراصل گنا علاقہ میں زمین سے ناجائز قبضہ ہٹانے کے لیے پولس ٹیم پہنچی تھی۔ اس دوران کسان نے فصل کٹ جانے تک انتظار کرنے کے لیے کہا، لیکن پولس نہیں رکی۔ پولس نے دلت فیملی کے ساتھ زور زبردستی کی اور جب کسان نے انھیں روکا تو پولس اہلکاروں نے بے رحمی سے پٹائی شروع کر دی۔ اتنا ہی نہیں، دلت کسان کو بچانے آئی بیوی اور بچوں کو بھی نہیں بخشا گیا۔

اس بے رحمانہ پٹائی کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں دلت کسان اور اس کی فیملی پولس سے رحم و کرم کی بھیک مانگ رہی ہے۔ دلت کسان کے بچوں کو روتے بلکتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ جب پولس نہیں مانی تو دلت کسان اور اس کی بیوی نے کھیت میں ہی جراثیم کش دوا پی لی۔ اس کے بعد انھیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ معاملہ کافی بڑھ جانے کے بعد بدھ کی رات وزیر اعلیٰ نے گنا کے ایس پی اور کلکٹر کو ہٹانے کا حکم دیا جب کہ وزیر داخلہ نروتم مشرا نے اعلیٰ سطحی جانچ کا اعلان کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 16 Jul 2020, 12:59 PM