لال قلعہ تشدد معاملہ میں مطلوب منندر سنگھ گرفتار، گھر سے دو تلواریں برآمد

اسپیشل سیل کے ایک افسر نے بتایا کہ لال قلعہ تشدد معاملہ میں مطلوب منندر سنگھ کو منگل کی شام پیتم پورہ کے قریب گرفتار کیا گیا۔ سوروپ نگر کی سندھی کالونی میں اس کے گھر سے دو تلواریں بھی برآمد ہوئی ہیں۔

یوم جمہوریہ، لال قلعہ تشدد، منندر سنگھ / تصویر آئی اے این ایس
یوم جمہوریہ، لال قلعہ تشدد، منندر سنگھ / تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

نئی دہلی: دہلی پولیس کی اسپیشل سیل کی ٹیم نے تین زرعی قوانین کے خلاف 26 جنوری کو نکالی گئی ٹریکٹر پریڈ کے دوران لال قلعہ پر ہونے والے تشدد کیس میں مطلوب منندر سنگھ عرف مونی (30) کو گرفتار کرلیا ہے۔

اسپیشل سیل کے ایک افسر نے بتایا کہ لال قلعہ تشدد معاملہ میں مطلوب منندر سنگھ کو منگل کی شام پیتم پورہ کے قریب گرفتار کیا گیا۔ سوروپ نگر کی سندھی کالونی میں اس کے گھر سے دو تلواریں برآمد ہوئی ہیں۔ منندر اے سی کار میکینک کی حیثیت سے کام کرتا ہے اور اپنے گھر کے قریب خالی پلاٹ میں تلوار چلانے کی ٹریننگ کا ایک اسکول چلاتا ہے۔

اس سے قبل لال قلعہ تشدد معاملہ میں اداکار دیپ سدھو، سکھ دیو اور اقبال سنگھ گرفتار کیے جاچکے ہیں۔ پولیس نے دیپ سدھو، جگراج سنگھ ، گرجوت سنگھ اور گرجنت سنگھ کے بارے میں معلومات دینے والوں کو ایک لاکھ روپے نقد انعام دینے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے علاوہ پولیس نے جگبیر سنگھ ، بوٹا سنگھ ، سکھدیو سنگھ اور اقبال سنگھ کے بارے میں معلومات دینے والوں کو 50000 روپے نقد انعام دینے کا اعلان کیا تھا۔


خیال رہے 26 جنوری کو کسانوں کی تنظیموں نے مرکز کے تینوں نئے زرعی قوانین کو واپس لینے کے مطالبے کی حمایت میں ایک ٹریکٹر پریڈ نکالی تھی اور اس دوران کسانوں اور پولیس کے مابین پرتشدد جھڑپیں ہوئی۔ اس دوران کچھ مظاہرین لال قلعے پر پہنچ گئے اور وہاں تاریخی عمارت کی فصیل پرکسان تنظیم کے اور مذہبی جھنڈے لگا دیئے تھے۔ 26 جنوری کو پولیس نے تشدد کیس میں 44 رپورٹ درج کی ہیں اور اب تک 143 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔