صوتی آلودگی کی خلاف ورزی پر قادریہ سنی جامع مسجد کو نوٹس

سعید نوری نے کہا کہ مسجدوں پر اذان کے دوران زائد آواز کی شکایت ہی غیر معقول ہے کیونکہ مسجد سے صرف 2 منٹ کی اذان دی جاتی ہے۔

علامتی فائل تصویر آئی اے این ایس
علامتی فائل تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

ممبئی میونسپل کارپوریشن الیکشن سے قبل لاؤڈ اسپیکر سے اذان پر پابندی کے شرانگیز مطالبہ کے بعد ممبئی پولیس نے کارروائی میں اب شدت پیدا کر دی ہے -ممبئی میں 26 مارچ کو پولیس نے مضافات کے بھانڈوپ نامی علاقے میں واقع قادریہ سنی جامع مسجد کونوٹس ارسال کر کے کارروائی کا انتباہ دیا تھا۔

ممبئی کے بھانڈوپ سوناپور میں واقع اس مسجد سے متعلق پولیس کو شکایت موصول ہوئی تھی کہ مسجد میں لاؤڈ اسپیکر کی آواز 80 ڈیسیبل سے زائد ہوتی ہے جس سے صوتی اصولوں کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق صبح رات 10بجے سے صبح 6 تک لاؤڈ اسپیکر اور شور شرابہ پر پابندی ہے اس کے علاوہ لاؤڈ اسپیکر سے 45 ڈیسیبل سے کم آواز رکھنا لازمی ہے۔


ممبئی پولیس نے مسجد انتظامیہ اور علماء کرام کو بتایا ہے کہ یہاں مسجد کے لاؤڈ اسپیکر میں آواز صوتی اصولوں کے خلاف زیادہ تھی اس لئے اس پر کارروائی کی جائے گی۔ یہاں مقیم مکینوں کو اذان سے تکلیف پہنچتی ہے اور انہیں کی شکایت پر یہ کارروائی اور نوٹس ارسال کیا گیا ہے ۔ مزید کہا گیا ہے کہ اگر اس حکمنامہ اور نوٹس پر عمل آوری نہیں کی گئی تو قانون چارہ جوئی کی جائے گی ۔ واضح رہے یہ نوٹس بھانڈوپ پولیس اسٹیشن کے سنیئر پولیس انسپکٹر نتن آگونے نے دیاہے۔ اس کارروائی سے مسلمانوں میں اضطراب اور ناراضگی پائی جارہی ہے۔

رضا اکیڈمی کے جنرل سکریٹری سعید نوری نے کہا کہ مسجدوں پر اذان کے دوران زائد آواز کی شکایت ہی غیر معقول ہے کیونکہ مسجد سے صرف 2 منٹ کی اذان دی جاتی ہے اور اس میں کسی کو کیا تکلیف پہنچے گی انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور اس جیسی سیاسی جماعتوں کے دباؤ میں پولیس اس قسم کی کارروائی کر رہی ہے جو سراسر غلط ہے ہم اس کی مذمت کر تے ہیں انہوں نے کہاکہ ایک طرف ممبئی پولیس کمشنر سنجے پانڈے مذہبی مقامات اور مسجد کے خلاف کارروائی نہ کرنے کا وعدہ کرتے ہیں تو دوسری طرف پولیس مسجدوں پر کارروائی کر رہی ہے-

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔