دہلی این سی آر میں صبح کی بارش، سردی میں اضافہ، درجۂ حرارت میں 5 ڈگری تک گراوٹ

دہلی این سی آر میں صبح کی بارش اور گھنے کہرے نے سردی کی شدت بڑھا دی۔ درجۂ حرارت پانچ ڈگری تک گر گیا، جبکہ کہرے کے باعث متعدد ٹرینیں گھنٹوں تاخیر سے چلیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: شمالی ہندوستان میں گھنے کہرے اور سرد دن کے حالات نے معمولاتِ زندگی کو شدید متاثر کر رکھا ہے۔ جمعہ کی صبح دہلی اور این سی آر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی جس کے بعد سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ بارش اور کہرے کے امتزاج نے نہ صرف سڑکوں پر نقل و حرکت کو مشکل بنا دیا بلکہ ریل خدمات بھی بری طرح متاثر ہوئیں۔ دہلی میں کم سے کم درجۂ حرارت گھٹ کر 5 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا، جس سے لوگوں کو شدید سردی کا سامنا کرنا پڑا۔

کہرے کے باعث دہلی۔ہاوڑہ ریل روٹ پر چلنے والی کئی پریمیم ٹرینیں تاخیر کا شکار ہو گئیں۔ تیجس راجدھانی، دورنتو ایکسپریس اور دیگر اہم ریل گاڑیاں گھنٹوں کی تاخیر سے روانہ ہوئیں۔ جمعہ کے روز ایک درجن سے زیادہ ٹرینیں پانچ سے سولہ گھنٹے کی تاخیر سے چلتی رہیں، جس کے سبب مسافروں کو اسٹیشنوں پر طویل انتظار کرنا پڑا۔

میدانی علاقوں میں گھنے کہرے اور پہاڑی خطوں میں برف باری کے اثرات دور تک محسوس کیے جا رہے ہیں۔ 9 جنوری 2026 کو پنڈت دین دیال اُپادھیائے جنکشن سے گزرنے والی متعدد ٹرینیں بھی تاخیر کا شکار رہیں۔ دسمبر کے دوسرے ہفتے سے شروع ہونے والا کہرے کا سلسلہ نئے سال کے دوسرے ہفتے میں بھی برقرار ہے، جس کی وجہ سے ریل گاڑیوں کی رفتار محدود کر دی گئی ہے۔


مشرقی اتر پردیش کے چندولی اور آس پاس کے علاقوں میں شیت لہر نے ڈیرہ ڈال رکھا ہے۔ یہاں رات کا کم سے کم درجۂ حرارت چھ سے سات ڈگری سیلسیس کے درمیان ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن کا زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت بھی چودہ سے پندرہ ڈگری تک محدود رہا۔ سرد ہواؤں اور کم حدِ نگاہ کے باعث ریل گاڑیوں کو انتہائی احتیاط کے ساتھ چلایا جا رہا ہے۔

کہرے کی وجہ سے نئی دہلی۔بھونیشور دُرنتو ایکسپریس سولہ گھنٹے اور تیجس راجدھانی پانچ گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوئی۔ شدید سردی اور شیت لہر کے دوران پلیٹ فارموں پر ٹرینوں کا انتظار مسافروں کے لیے نہایت دشوار ثابت ہوا۔ بعض ٹرینیں منسوخ بھی کی گئیں، جس سے مسافروں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں بھی کہرے اور سردی سے فوری راحت کے آثار کم ہیں۔