چَمکی بخار سے مظفر پور میں 3 مزید اموات، مہلوک بچوں کی تعداد 190 کے پار

مہلوک بچوں میں دو کی عمر پانچ سال تھی جب کہ ایک کی عمر سات سال تھی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک اس مرض میں مبتلا 428 بچے داخل اسپتال ہوئے تھے جن میں 298 کو چھٹی مل گئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

چمکی بخار کا اثر بہار میں کم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ خصوصاً مظفر پور میں اس بیماری سے مرنے والے بچوں کی تعداد روزانہ بڑھتی ہی جا رہی ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق بدھ کے روز تین مزید بچے چمکی بخار کی زد میں آنے سے ہلاک ہو گئے۔ مہلوکین میں سیتامڑھی کا پانچ سالہ پیوش کمار، موتیہاری کا پانچ سالہ انگد کمار اور سگولی واقع رگھوناتھ پور گاؤں کا سات سالہ بچہ شامل ہے۔

تازہ موصولہ اطلاعات کے مطابق سیتامڑھی کی رینا چمکی بخار سے متاثر ہونے پر اسپتال میں داخل ہوئی ہیں اور پی آئی سی یو میں اب بھی 14 بچوں کا علاج جاری ہے۔ ان بچوں کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ 7 بچوں کو ڈاکٹروں نے ویٹنگ میں ڈالا ہوا ہے۔ گویا کہ ان کی حالت سنگین نہیں ہے اور طبیعت بہتر ہونے پر انھیں اسپتال سے چھٹی دے دی جائے گی۔


بہر حال، میڈیا ذرائع کے مطابق تازہ اموات کے بعد اب تک اس بخار سے ہلاک ہونے والے بچوں کی تعداد 191 پہنچ گئی ہے۔ اس بیماری میں مبتلا ہونے کے 540 معاملے اب تک سامنے آ چکے ہیں۔ دوسری طرف محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق 428 بچے اسپتال میں علاج کے لیے داخل ہوئے اور 298 بچوں کو اسپتال سے ٹھیک ہونے پر چھٹی دے دی گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Jul 2019, 3:10 PM