قومی شاہراہ پر ہر گھنٹے 6 سے زائد اموات، جنوری-جون تک تقریباً 26 ہزار افراد ہلاک، گڈکری نے راجیہ سبھا میں کیا مطلع
نتن گڈکری نے راجیہ سبھا میں بتایا کہ ’’2025 کے پہلے 6 ماہ (جنوری-جون) میں پورے ملک کے قومی شاہراہوں پر سڑک حادثے میں 26770 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔‘‘

نتن گڈکری / آئی اے این ایس
مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز نتن گڈکری نے بدھ (23 جولائی) کو راجیہ سبھا میں قومی شاہراہوں پر ہونے والے حادثات کے متعلق معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے بتایا کہ 2025 کے پہلے 6 ماہ (جنوری-جون) میں پورے ملک کے قومی شاہراہوں پر سڑک حادثے میں 26770 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پورے ملک کے قومی شاہراہوں پر 2024 میں 52609 مہلک حادثات پیش آئے تھے۔ مرکزی وزیر نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) نے ملک کے کچھ مصروف قومی شاہراہوں اور ایکسپریسوے پر ایڈوانسڈ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم (اے ٹی ایم ایس) نصب کیے ہیں۔ ان میں دہلی-میرٹھ ایکسپریسوے، ٹرانس-ہریانہ، ایسٹرن پیریفرل ایکسپریسوے اور دہلی-ممبئی ایکسپریسوے جیسے روٹس شامل ہیں۔
نتن گڈکری کے مطابق ’اے ٹی ایم ایس‘ مکمل طور سے الیکٹرانک مانیٹرنگ آلات سے لیس ہیں، جس کی مدد سے شاہراہوں پر ہونے والے واقعات کی فوری نشاندہی میں آسانی ہوتی ہے۔ ساتھ ہی شاہراہ پر ہونے والے کسی بھی امیرجنسی صورتحال کے بارے میں فوری طور پر معلومات دستیاب کرانے میں معاون ہے۔ اس تکنیک کی وجہ سے نہ صرف مانیٹرنگ بہتر ہوتی ہے، بلکہ حادثہ کے بعد فوری طور پر سہولیات بھی مل جاتی ہیں۔
مرکزی وزیر نے بتایا کہ این ایچ اے آئی کے ہائی-ڈینسٹی اور ہائی-اسپیڈ کوریڈور والے نئے پروجیکٹس میں اے ٹی ایم ایس کی تنصیب عام طور پروجیکٹ کا حصہ ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ جن شاہراہوں کی تعمیر پہلے ہو چکی ہے وہاں بھی اے ٹی ایم ایس کو الگ سے ایک پروجیکٹ کے طور پر نافذ کیا جا رہا ہے۔ ایک دوسرے سوال کے جواب میں نتن گڈکری نے کہا کہ گزشتہ 3 سال میں کُل 112561 کلومیٹر قومی شاہروں کا روڈ سیفٹی آڈٹ ہو چکا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان میں سڑک حادثات صحت عامہ کا ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔ 2022 میں ملک میں 4.5 لاکھ سے زائد سڑک حادثے ہوئے ہیں، جن میں 1.5 لاکھ سے زائد لوگوں کی جانیں چلی گئیں ہیں۔ ہر سال لاکھوں سڑک حادثوں میں نہ صرف جان کا نقصان ہوتا ہے، بلکہ کئی لوگ شدید طور پر زخمی یا اپاہج ہو جاتے ہیں۔ ان حادثات میں زیادہ تر دو پہیہ گاڑیاں حادثے کا شکار ہوتی ہیں۔ تیز رفتاری، بغیر ہیلمٹ بائک چلانا، پیدل چلنے والوں کا مقررہ جگہوں یا انڈر پاس کے بجائے سڑک پار کرنا اکثر حادثات کا سبب بنتے ہیں۔ ایسے میں حکومت سڑک کی حفاظت کے اقدامات پر مسلسل کام کر رہی ہے، تاکہ ان حادثات کی تعداد کم کیا جا سکے اور لوگوں کی جان بچائی جا سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔