انڈیگو کی 200 سے زائد پروازیں منسوخ، ممبئی سے دہلی تک مچی افراتفری، مسافر پریشان
انڈیگو کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ ’’تکنیکی مسئلہ، ایئرپورٹ پر بھاری بھیڑ اور آپریشنل ضرورتیں جیسی کئی وجوہات کے سبب ہماری پرواز میں تاخیر ہوئی ہے اور کچھ منسوخ بھی ہوئی ہیں۔‘‘

دہلی سے ممبئی تک انڈیگو کی پروازیں 3 دسمبر کو بری طرح متاثر رہیں۔ بدھ کو شہری ہوابازی کمپنی انڈیگو کو اپنی تقریباً 200 پروازیں منسوخ کرنی پڑیں۔ اس منسوخی کی اصل وجہ تکینیکی خامیاں بتائی جا رہی ہیں۔ کچھ ایئرپورٹ پر عملہ کے اہلکاروں کی کمی سے متعلق بات بھی سامنے آئی ہے۔ اس کے سبب مدھیہ پردیش، اترپردیش، دہلی، آندھرا پردیش اور کرناٹک جیسی ریاستوں میں مسافر گھنٹوں پریشان رہے۔
چیک اِن اور بورڈنگ پروسیس میں دقت پیش آنے کے بعد تمام ایئر لائنس میں مینوئل چیک اِن اور بورڈنگ پروسیس کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔ دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر صبح سے ہی چیک ان میں دقتیں آنے لگی تھیں۔ اس کی وجہ سے 4 ایئرلائنس کمپنیوں انڈیگو، اسپائس جیٹ، اکاسا ایئر اور ایئر انڈیا ایکسپریس کی پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔ دہلی ایئرپورٹ اتھارٹی نے صبح 7 بج کر 40 منٹ پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کے ذریعہ جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ’’ہماری آن گراؤنڈ ٹیمیں تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں، تاکہ مسافروں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔‘‘
اترپردیش کے وارانسی ایئرپورٹ پر مسافروں کو بتایا گیا کہ مائیکروسافٹ ونڈوز نے دنیا بھر میں بڑی سروس آؤٹیج کی رپورٹ دی ہے، جس کی وجہ سے ایئرپورٹ پر موجود آئی ٹی سروس پر اثر پڑا ہے۔ حالانکہ مائیکروسافٹ نے اس کی تردید میں کہا کہ ونڈوز پر کوئی ٹیکنیکل مسئلہ نہیں ہے۔ دراصل مائیکروسافٹ کا ونڈوز سسٹم ایئرپورٹ اور فلائٹ سروسز کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
حیدرآباد کے راجیو گاندھی ایئرپورٹ پر مسافروں کی بڑی بھیڑ دیکھنے کو ملی ہے۔ یہاں بھی چیک ان سسٹم میں خرابی اور تاخیر کی وجہ سے مسافروں کی پروازیں چھوٹ گئی ہیں۔ اس مسئلہ کے متعلق انڈیگو کے ایک ترجمان نے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ تکنیکی مسئلہ، ایئرپورٹ پر بھاری بھیڑ اور آپریشنل ضرورتیں جیسی کئی وجوہات کے سبب ہماری پرواز میں تاخیر ہوئی ہے اور کچھ منسوخ بھی ہوئی ہیں۔
آپریشنل رکاوٹوں کا سامنا کر رہی ملک کی سب سے بڑی ایئر لائن انڈیگو کا کہنا ہے کہ اس نے آپریشن کو معمول پر لانے کے لیے اگلے 48 گھنٹوں کے لیے اپنے شیڈول میں منظم تبدیلیاں کی ہیں۔ ایئر لائن کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’’معمولی تکنیکی خامیوں، سردیوں کے موسم کی وجہ سے شیڈول میں تبدیلی، خراب موسم، ہوا بازی نظام میں بڑھتی بھیڑ اور نئے کریو روسٹرنگ قوانین (فلائٹ ڈیوٹی ٹائم لمیٹیشن) کے نفاذ کی وجہ سے غیر متوقع چیلنچز سامنے آئے، جس کا پہلے سے اندازہ لگانا ممکن نہیں تھا۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔