2023 میں 10 ہزار سے زیادہ کسانوں نے کی خودکشی، مہاراشٹر میں سب سے زیادہ اموات، این سی آر بی رپورٹ میں انکشاف

این سی آر بی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2023 میں 1.70 لاکھ سے بھی زائد خودکشی کے معاملے درج کیے گئے ہیں، جن میں صرف کسان ہی نہیں بلکہ بے روزگار نوجوان اور تجارت سے جڑے لوگ بھی شامل ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>کسان، علامتی تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نیشنل کرائم ریکارڈس بیورو (این سی آر بی) کے ذریعہ گزشتہ دنوں 2023 میں پیش آئے واقعات سے متعلق تفصیلی رپورٹ جاری کی گئی۔ اس رپورٹ میں موجود ڈاٹا نے جہاں ملک میں خواتین سے متعلق بڑھتے جرائم کی طرف اشارہ کیا ہے، وہیں کسانوں میں خودکشی کے رجحان بھی ظاہر کیے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق 2023 میں شعبہ زراعت سے تعلق رکھنے والے 10 ہزار سے زیادہ لوگوں نے خودکشی جیسا سخت قدم اٹھایا۔ ان میں کسان اور زرعی مزدور دونوں شامل ہیں۔

کسانوں کی خودکشی کے سب سے زیادہ معاملے مہاراشٹر میں دیکھنے کو ملے جہاں مجموعی تعداد کے 38.5 فیصد کسانوں نے موت کو گلے لگایا۔ اس کے بعد کرناٹک میں 22.5 فیصد کسانوں کی خودکشی کے معاملے سامنے آئے ہیں۔ دیگر ریاستوں کی بات کی جائے تو خودکشی کے مجموعی تعداد میں آندھرا پردیش کے 8.6 فیصد، مدھیہ پردیش کے 7.2 فیصد اور تمل ناڈو کے 5.9 فیصد کسان شامل ہیں۔ حالانکہ کچھ ریاستیں ایسی بھی رہیں جہاں ایک بھی کسان نے خودکشی نہیں کی۔ ان ریاستوں میں مغربی بنگال، بہار، اڈیشہ، جھارکھنڈ، ہماچل پردیش، اروناچل پردیش، گوا، منی پور، میزورم، ناگالینڈ، تریپورہ، چنڈی گڑھ، دہلی وغیرہ شامل ہیں۔


این سی آر بی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2023 میں ہندوستان میں 1.70 لاکھ سے بھی زیادہ خودکشی کے معاملے درج کیے گئے ہیں، جن میں صرف کسان ہی نہیں بلکہ بے روزگار نوجوان اور تجارت سے منسلک لوگ بھی شامل ہیں۔ این سی آر بی کی رپورٹ کے مطابق خودکشی کرنے والوں میں کسان اور کھیتوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی کافی تعداد ہے۔ یہ تعداد 10700 سے زیادہ ہے، جن میں کسانوں کی تعداد 4690 اور زرعی مزدوروں کی تعداد 6096 سے زائد ہے۔ کسانوں کے ذریعہ کی گئی خودکشیوں میں صرف مرد ہی نہیں، بلکہ خواتین بھی شامل ہیں۔

اس رپورٹ میں خودکشی کرنے والے لوگوں کی معاشی حالت پر بھی نظر ڈالی گئی اور دیکھا گیا کہ 2023 میں بیشتر خودکشی کرنے والے متاثرین کی سالانہ آمدنی 1 لاکھ روپے سے بھی کم تھی۔ رپورٹ میں یہ بھی جانکاری دی گئی ہے کہ صرف کسانوں نے ہی نہیں بلکہ بے روزگاری کی وجہ سے بھی کئی نوجوانوں نے خودکشی کی۔ اس کے سب سے زیادہ معاملے کیرالہ، مہاراشٹر، تمل ناڈو اور اتر پردیش میں دیکھنے کو ملے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔