پنجاب نیشنل بینک دھوکہ دہی کیس میں میہل چوکسی کی مزید جائیدادیں ہوئیں ضبط، 4 فلیٹ لکویڈیٹر کے حوالے

قبل میں ممبئی، کولکاتا اور سورت میں موجود تقریباً 310 کروڑ روپے کی جائیدادیں لکویڈیٹر کو دی جا چکی ہیں۔ ای ڈی کی جانچ میں سامنے آیا ہے کہ چوکسی نے آئی سی آئی سی آئی سے حاصل قرض میں بھی ڈیفالٹ کیا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
i
user

قومی آواز بیورو

پنجاب نیشنل بینک (پی این بی) دھوکہ دہی کیس میں چل رہی کارروائی کے تحت انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ ای ڈی کی ممبئی زونل آفس نے بوریولی (ایسٹ) واقع پروجیکٹ ’تتو، اورجا-اے وِنگ‘ کے 4 فلیٹ لکویڈیٹر کو سونپ دیے ہیں۔ یہ سبھی جائیداد میہل چوکسی اور اس کے ساتھیوں سے جڑی ہوئی ہیں۔ ان فلیٹس کے سونپے جانے سے اب لکویڈیٹر انھیں فروخت کر حاصل رقم کو پی این بی، آئی سی آئی سی آئی بینک اور دیگر متاثرین تک پہنچانے کا عمل آگے بڑھا سکے گا۔

اس سے قبل بھی ممبئی، کولکاتا اور سورت میں موجود تقریباً 310 کروڑ روپے کی جائیدادیں لکویڈیٹر کو دی جا چکی ہیں۔ ای ڈی کی جانچ میں سامنے آیا ہے کہ 2014 سے 2017 کے درمیان میہل چوکسی نے اپنے ساتھیوں اور پی این بی کے کچھ بینک افسران کی ملی بھگت سے فرضی لیٹر آف انڈرٹیکنگ (ایل او یو) جاری کروائے، جس سے بینک کو تقریباً 6097 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔ اس کے علاوہ اس نے آئی سی آئی سی آئی بینک سے لیے گئے قرض میں بھی ڈیفالٹ کیا تھا۔


تحقیقات کے دوران ای ڈی نے 136 سے زیادہ مقامات پر چھاپہ ماری کی اور 597 کروڑ روپے کی جویلری اور دیگر قیمتی سامان ضبط کیے۔ دوسری طرف ہندوستان اور بیرون ممالک میں موجود جائیداد، بینک اکاؤنٹ، فیکٹری، شیئر اور گاڑیوں سمیت مجموعی طور پر 1968 کروڑ روپے کی جائیدادیں بھی اٹیچ کی گئیں۔ یعنی مجموعی طور پر سا کیس میں اب تک 2565 کروڑ روپے سے زیادہ کی جائیداد ضبط یا اٹیچ ہو چکی ہیں۔

ای ڈی اور بینک نے مل کر ان جائیدادوں کی فروخت کا عمل تیز کر دیا ہے۔ عدالتی حکم کے مطابق ان کی نیلامی سے ملنے والی پوری رقم براہ راست پی این بی اور آئی سی آئی سی آئی بینک کے اکاؤنٹس میں جمع کی جائے گی۔ باقی بچی جائیدادوں کو بھی جلد ہی حکم کے مطابق بینک اور لکویڈیٹر کو سونپا جائے گا۔


جہاں تک میہل چوکسی کو ہندوستان لائے جانے کی بات ہے، فی الحال اس سلسلے میں کچھ بھی صاف نہیں ہے۔ 9 دسمبر کو ہی پتہ چل سکے گا کہ اسے ہندوستان لانے کے بارے میں کس طرح کی حکمت عملی اختیار کی جا سکتی ہے۔ بھگوڑے ہیرا کاروباری میہل چوکسی نے اپنی حوالگی کے حکم کو چیلنج پیش کرتے ہوئے بلجیم کے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی ہوئی ہے۔ عدالت نے اس عرضی پر 9 دسمبر کو سماعت کرنے کا فیصلہ کیا ہوا ہے۔ بلجیم کی اینٹورپ کورٹ آف اپیل نے 17 اکتوبر کو چوکسی کی حوالگی سے متعلق حکم صادر کیا تھا۔ اس کے بعد سے ہی سرگرمیاں بہت تیز ہو گئی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔