پارلیمنٹ: عبدالوہاب نے راجیہ سبھا کی رکنیت کا حلف لیا

پارلیمنٹ کی فائل تصویر یو این آئی
پارلیمنٹ کی فائل تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

19 Jul 2021, 2:14 PM

عبدالوہاب نے راجیہ سبھا کی رکنیت کا حلف لیا

نئی دہلی: آئی یو ایم ایل کے عبدالوہاب نے پیر کے روز راجیہ سبھا کی رکنیت کا حلف لیا۔ ایوان کے اسپیکر ایم وینکیا نائیڈو نے پیر کے روز پارلیمنٹ کا مانسون سیشن شروع ہونے کے ساتھ ہی ایوان میں عبدالوہاب کو رکنیت کا حلف دلایا۔ عبدالوہاب نے انگریزی میں حلف لیا۔ حلف اٹھانے کے بعد انہوں نے چیئرمین کا شکریہ ادا کیا اور اپنی نشست پر جاکر بیٹھ گئے۔ بعد میں اراکین نے میز تھپتھپا کر ان کا استقبال کیا۔

19 Jul 2021, 1:06 PM

راجیہ سبھا نے دلیپ کمار اور ملکھا سنگھ کو خراج عقیدت پیش کیا

نئی دہلی: راجیہ سبھا نے پیر کے روز پارلیمنٹ کا مانسون سیشن شروع ہونے کے ساتھ ہی اپنے موجودہ اراکین راجیو ساتو، رگھوناتھ مہاپاترا اور سابق اراکین دلیپ کمار اور ملکھا سنگھ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ایوان کی کارروائی شروع ہونے پر چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے ایوان کو مرحوم اراکین سے متعلق جانکاری فراہم کی۔ بعد ازاں ایوان نے خاموشی اختیار کرکے کھڑے ہو کر اراکین کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد ایوان کی کارروائی ایک گھنٹہ کے لئے 12.24 تک ملتوی کردی گئی۔ راجیو ساتو اور گوناتھ مہا پاترا راجیہ سبھا کے موجودہ رکن تھے۔ اس کے علاوہ پروفیسر این ایم کمبلے، بلہاری بابو، اجیت سنگھ، ماتنگ سنگھ، جتیندر بھائی لاب شکر بھٹ، رامیندر کمار یادو روی، جگناتھ پرساد پہاڑیا، شانتی پہاڑیا، یوسف سرور خان عرف دلیپ کمار، ملکھا سنگھ اور بھگوتی سنگھ ایوان کے سابق اراکین تھے۔

19 Jul 2021, 12:00 PM

ونئے وشوم اور منوج جھا نے تحریک التوا کا نوٹس دیا

نئی دہلی: کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے لیڈر ونئے وشوم اور راشٹریہ جنتا دل کے لیڈر منوج جھا نے راجیہ سبھا میں قواعد 267 کے تحت تحریک التواء کا نوٹس دیا ہے۔ پارلیمنٹ کا مانسون سیشن آج سے شروع ہو رہا ہے اور ان دونوں لیڈروں نے چیئرمین کو مکتوب ارسال کر کے قواعد 267 کے تحت تحریک التوا کا نوٹس دیا ہے۔ ونئے وشوم اور عام آدمی پارٹی کے لیڈر سنجےسنگھ نے کچھ لوگوں کے فون ٹیپ کیے جانے سے متعلق رپورٹوں کے معاملے پر اور منوج جھا نے کورونا وباء کی دوسری لہر کے دوران لوگوں کی اموات سے متعلق اعداد و شمار میں تضاد کے معاملے پربحث کرانے کے لئےتحریک التوا پیش کی ہے۔


19 Jul 2021, 11:25 AM

سرکار ہرتیکھے سوال کا جواب دے گی، اپوزیشن ایوان میں پر سکون ماحول بنائے… پی ایم مودی

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ حکومت پارلیمنٹ میں حزب اختلاف اور عوام کے ہر تیکھے سوال کا جواب دینے کے لئے تیار ہے، لیکن اس کے لئے حزب اختلاف کو پرامن ماحول پیدا کرنا ہوگا۔ پی ایم مودی نے پیر کو شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے مانسون سیشن سے پہلے پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں آج میڈیا کو دیئے گئے ایک بیان میں ایوان میں احسن طریقے سے کام کاج ہونے کی امید ظاہر کی۔ انہوں نے کہا ’’ایوان میں یہ سیشن نتیجہ خیز ثابت ہوگا، معنی خیز بحث کے لئے وقف ہو، ملک کے عوام جو جواب چاہتے ہیں، وہ جواب دینے کے لئے سرکار پوری طرح تیار ہے‘‘۔

پی ایم مودی نے کہا کہ تمام اپوزیشن کے لیڈروں سے گزارش ہے کہ وہ تیکھے اور دھاردار سوالات پوچھیں اور ایوان میں پرسکون ماحول برقرار رکھیں، جس سے حکومت کو جواب دینے کا موقع مل سکے۔ اس سے عوام تک حقائق پہنچانے کا موقع ملتا ہے۔ اس سے عوام کا اعتماد بڑھتا ہے، ترقی کی رفتار تیز ہوتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔