مانسون اجلاس: ہندوستانی فوج چین کی کسی بھی کارروائی کا جواب دینے کے لئے تیار، راج ناتھ

سابق وزیر دفاع اے کے اینٹونی نے مانگی صفائی
سابق وزیر دفاع اے کے انٹونی نے کہا کہ ہم سبھی ملک کے جوانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ میں وضاحت چاہتا ہوں کہ وزیر دفاع کے بیان کا کیا مطلب ہے؟ کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ حکومت ملک کی خود مختاری کے دفاع کے لئے سب کچھ کرے گی؟ کیا خود مختاری کی حفاظت کا مطلب جمود کو بحال کرنا ہے۔ وادی گلوان کبھی بھی تنازعہ کا مقام نہیں تھا۔
چیئرمین کی وزیر دفاع کو صلاح
راجیہ سبھا کے چیئرمین وینکیا نائیڈو نے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کو صلاح دی کہ وہ اپنے چیمبر میں کچھ سینئر ارکان کو بلائیں اور ان کے ساتھ تفصیلات کا اشتراک کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس ایوان سے کوئی بھی ایسا پیغام نہیں جانا چاہئے جس سے ملک کے عوام کو مایوسی ہوا۔ نیز فوجی جوانوں کو یہ محسوس ہونا چاہئے کہ ملک ان کے ساتھ کھڑا ہے۔
فوجی کارروائی میں چین کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا، راج ناتھ
ایوان کو مطلع کرتے ہوئے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان کے اپنی سرحدوں کی حفاظ پر عزم پر کسی کو بھی کوئی شک نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے جب بھی سرحد پر تجاوز کی کوشش کی ہندوستانی فوج نے برقت کارروائی کی۔ ہندوستانی فوجیوں نے قربانی پیش کی اور چین کو بھی بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ 15 جون کو وادی گلوان میں پُر تشدد جھڑپ میں ہمارے 20 جوان شہید ہوئے۔ وزیر اعظم نے لداخ جا کر جوانوں کا حوصلہ بڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ سرحد پر تناؤ رہے گا تو باہمی تعلقات پر اثر پڑے گا۔
چین کے قول اور فعل میں تضاد، ہمارے فوجیوں نے اسے بھاری نقصان پہنچایا، راج ناتھ
راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہماری افواج سرحد پر مضبوطی سے ڈٹی ہوئی ہیں۔ میں اس مسئلے پر تفصیل سے بات نہیں کرنا چاہتا اور یقین ہے کہ ایوان اس کی حساسیت کو سمجھے گا۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان کی طرف سے پہلے کوئی فوجی کارروائی نہیں کی گئی، جبکہ چین نے پہل کی ہے، لیکن ہم نے ان کے ارادوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا۔
راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہم اس مسئلے کو پرامن طریقے سے حل کرنا چاہتے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ چینی فریق ہمارے ساتھ مل کر کام کرے۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ چین نے سرحدی علاقوں میں اپنی تعیناتی کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے گذشتہ کئی دہائیوں میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کی نمایاں سرگرمی کی ہے۔ ہماری حکومت نے سرحدی انفراسٹرکچر کی ترقی کے لئے پچھلے درجوں سے بجٹ کو بھی دگنا کردیا ہے۔
راجیہ سبھا میں راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ چین کے قول اور فعل میں تضاد ہے اور اس کی مثال یہ ہے کہ جس وقت چین اور ہندوستان کے نمائندگان ماسکو میں مذاکرات کر رہے تھے اسی وقت چین سرحد پر اشتعال انگیز کارروائی انجام دے رہا تھا۔
راجیہ سبھا میں راج ناتھ سنگھ کا بیان
لداخ میں ہندوستان اور چین کے مابین جاری کشیدگی کے پس منظر میں مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ راجیہ سبھا میں بیان دے رہے ہیں۔ اہنوں نے ایوان کو مطلع کرتے ہوئے کہا کہ سرحدی تنازعہ ابھی تک ان سلجھا نہیں ہے اور چین اور ہندوستان کا سرحد پر الگ الگ رائے ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ہندوستان کی 3800 کلومیٹر اراضی پر قبضہ کیا ہوا ہے۔
تکنیکی اور انسانی انٹیلی جنس کا لگاتار جائزہ لیا جاتا ہے۔ مئی مہینے کی شروعات میں چین نے فوجی نفریوں کی تعداد میں اچانک اضافہ کر دیا۔ چین نے پینگونگ سمیت کئی علاقوں پر تجاوز کی کوشش کی تھی جس کا فوج نے نوٹس لیا اور بروقت کارروائی کی۔
کورونا کی روک تھام کا قیمتی وقت برباد کر دیا گیا: غلام نبی
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ غلام نبی آزاد نے کہا کہ حکومت نے کورونا کی روک تھام کے لئے جو اہم وقت تھا اسے برباد کر دیا۔ ڈبلیو ایچ او نے دسمبر 2019 میں وارننگ جاری کر دی تھی۔ جیسا کہ چین ہمارا پڑوسی ملک ہے، ہمیں پہلے ہی محتاط ہو جانا چاہئے تھا۔ راہل گاندھی نے بھی خبردار کیا تھا کہ یہ وبا ہم پر حاوی ہو جانے والی ہے۔
کیا چرخا چلانے سے آزادی ملی: سودھانشو تریویدی
بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ سودھانشو تریویدی نے سنجے سنگھ کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ یہ پوچھ رہے ہیں کی کیا تالی تھالی بجانے سے کورونا ختم ہو جائے گا، ان سے میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا چرخا چلانے سے آزادی ملی تھی۔ چرخا چلانا علامت تھی، ٹھیک اسی طرح تالی تھالی بجانا بھی ایک علامت تھی، جس کا مقصد لوگوں میں حوصلہ پیدا کرنا تھا۔
تالی تھالی سے کوئی ٹھیک ہوا ہو، ثابت کریں: سنجے سنگھ
عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے کہا کہ کل سے ہی ایوان میں کورونا پر بحث ہو رہی ہے لیکن حکمران جماعت کے لوگ صرف الزام تراشیوں پر آمادہ ہیں۔ حکمران جماعت کے لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ اپوزیشن نے تالی-تھالی بجانے میں حکومت سے تعاون نہیں کیا۔ میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ایسی کوئی تحقیق بتاؤ جس میں تالی تھالی بجانے سے کورونا ٹھیک ہوا ہو! پھر میں وزیر اعظم کے ساتھ تالی تھالی بجانے کو تیار ہوں۔ کورونا پر بحث کے دوران سنجے سنگھ نے یوپی حکومت کو نشانہ بنایا اور کہا کہ یوپی میں کورونا کٹ کے نام پر بھی گھوٹالہ کر لیا گیا ہے۔
کیا بھابی جی کا پاپڑ کھاکر لوگ ٹھیک ہو رہے ہیں؟ سنجے راؤت
راجیہ سبھا میں کورونا پر بحث کے دوران شیو سینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت نے کہا کہ میں ایوان کے ارکان سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کورونا سے اب تک جو لوگ شفایاب ہوئے ہیں کیا وہ سب بھابی جی کا پاپڑ کھاکر ٹھیک ہوئے ہیں؟ یہ سیاسی لڑائی نہیں ہے، یہ لوگوں کی زندگی بچانے کی لڑائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری ماں اور چھوٹا بھائی جو رکن اسمبلی ہے، وہ کورونا سے لڑ رہے ہیں۔ مہاراشٹر میں اب تک متعدد افراد شفایاب ہو چکے ہیں۔ دھاراوی میں آج صورت حال قابو میں ہے۔ عالمی ادرہ صحب بھی بی ایم سی کی تعریف کر چکا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔