میدانی علاقوں سے پہاڑوں تک مانسون کا قہر، امرناتھ اور کیدار ناتھ یاترا معطل، آئی ایم ڈی نے جاری کیا الرٹ
شدید بارش سے میدانی علاقوں کے ساتھ ہی پہاڑی ریاستوں میں بھی عام زندگی بُری طرح متاثر ہوئی ہے۔ ہماچل کے لاہول گھاٹی میں جمعہ کو تین جگہ بادل پھٹے ہیں۔ ابھی آسمان کی آفت سے راحت ملنے کا امکان نہیں ہے۔

شدید بارش کی علامتی تصویر/ آئی اے این ایس
میدان سے لے کر پہاڑوں تک مانسون کی وجہ سے عام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئی ہے۔ خاص کر پہاڑی علاقوں میں شدید بارش سے کافی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ موسم کے خطرناک رخ اختیار کرنے کے سبب اس وقت چل رہی امرناتھ یاترا کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔ تیرتھ یاترا راستہ بُری طرح تباہ ہو چکا ہے جس سے افسروں کو بال ٹال اور پہلگام دونوں راستوں پر مرمت اور رکھ رکھاؤ کا کام کرانا پڑ رہا ہے۔
وہیں اہم راستوں پر زمین کھسکنے کی وجہ سے کیدارناتھ یاترا بھی مسلسل تیسرے دن معطل رہی۔ یاترا سے لوٹ رہے 450 سے زیادہ تیرتھ یاتریوں کو این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کے جوانوں نے متبادل جنگلی راستوں سے بچا کر سون پریاگ بحفاظت پہنچایا۔ اس درمیان 5000 سے زیادہ تیرتھ یاتریوں کو سون پریاگ کیمپ میں ہی روک دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے آنے والے دنوں کے لیے وسیع پیشن گوئی جاری کی ہے جس میں ملک کے مختلف علاقوں میں تیز بارش اور درجہ حرارت میں اتار چڑھاؤ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ مانسون کی موجودہ حرکیات کئی ماحولیاتی نظام سے متاثر ہو رہی ہیں، جن میں اوپری ہوا کی گردش، ویسٹرن ڈسٹربنس اور شمال کی طرف منتقل ہونے والی مانسون گرت شامل ہیں۔
محکمہ موسمیات نے قومی راجدھانی دہلی کے لیے بھی شدید بارش کا امکان ظاہر کرتے ہوئے ہفتہ واری پیشن گوئی جاری کی ہے۔ 2 اگست کو گرج کے ساتھ بارش کے آثار ہیں۔ اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 25 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہ سکتا ہے۔ 3 اگست کو آسمان میں بادل چھائے رہنے اور اس کے بعد درمیانی بارش ہونے کا امکان ہے۔
ہماچل پردیش میں جمعہ کو لاہول گھاٹی میں بادل پھٹنے کے تین معاملے سامنے آئے۔ تندی کے پُہرے نالہ کے پاس سیلاب کی خبر ہے۔ یانگلا گھاٹی اور جسپا میں بادل پھٹنے کی دو وارداتیں ہوئیں، جس سے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر بھاگنا پڑا۔ کانگڑا ضلع میں شدید بارش کی وجہ سے 7 مویشی گھر اور 2 مکان منہدم ہو گئے۔
اتراکھنڈ اور اتر پردیش کے کئی علاقوں میں مانسون کی بارش کی وجہ سے سیلاب کی حالت پیدا ہو گئی ہے۔ آئی ایم ڈی نے ہفتہ کو دہرہ دون، ٹہری، پوڑی، رودر پریاگ، نینی تال اور باگیشور ضلعوں میں شدید بارش کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
وارانسی میں گنگا ندی خطرے کے نشان کو پار کرکے شری کاشی وشوناتھ دھام کے گنگا دوار میں داخل کر گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ شہر کی کچھ تنگ گلیوں سے کشتیاں گزر رہی ہیں۔ پریاگ راج میں گنگا اور جمنا دونوں ندیاں خطرے کے نشان سے تھوڑا نیچے بہہ رہی ہیں۔ شہر کے 14 علاقے اور آس پاس کے 44 گاؤں سیلاب سے متاثر ہیں۔
مغربی ہند کی بات کی جائے تو یہاں کچھ حصوں میں پورے ہفتے ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کا امکان ہے۔ حالانکہ اس علاقے کے لیے بہت بارش یا موسم کے واقعات کو لے کر کوئی وارننگ جاری نہیں کی گئی ہے۔
مشرقی اور وسط ہندوستان بھی تیز مانسون کی سرگرمیوں کے رڈار پر ہے۔ ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال اور سکم اور بہار میں 3-2 اگست کے درمیان انتہائی شدید بارش ہوگی۔ مدھیہ پردیش (خاص کر مغربی اور مشرقی حصہ) اور چھتیس گڑھ میں ہفتہ کے دوران چھٹ پٹ بارش کے آثار ہیں۔
جنوبی ہند کی ریاست تمل ناڈو میں 5-3 اگست کے درمیان تیز بارش جبکہ کیرالہ اور ماہے میں 7-6 اگست کو شدید بارش ہو سکتی ہے۔ آئی ایم ڈی نے اس علاقے کے لیے تیز ہوا (50-40 کلومیٹر فی گھنٹے) کی وارننگ بھی جاری کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔