مانسون کی دستک، ممبئی اور کیرالہ میں شدید بارش سے عام زندگی مفلوج، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

مانسون تیزی سے کئی ملک کے کئی حصوں میں بڑھ رہا ہے۔ مہاراشٹر، گجرات اور مراٹھواڑہ میں پیر کو آندھی طوفان اور بارش کے لیے الرٹ کیا گیا۔ کیرالہ کے کئی ضلعوں میں اسکولوں میں چھٹیاں کر دی گئی ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>

ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

ملک کے کئی حصوں میں مانسون کی آمد ہو چکی ہے۔ کیرالہ میں ہفتہ کو مانسون کی زوردار بارش دیکھنے کو ملی۔ بارش کی وجہ سے کئی مقامات پر حالات کافی خراب ہو گئے۔ اس کے ٹھیک ایک دن بعد مانسون مہاراشٹر بھی پہنچا جہاں موسلا دھار بارش ہوئی۔ اتوار اور پیر کی رات ممبئی میں بھاری بارش کی وجہ سے عام زندگی پوری طرح سے درہم برہم ہوگئی۔ وہیں ہفتہ کی دیر رات راجدھانی دہلی سمیت قریبی علاقوں میں آندھی کے ساتھ تیز بارش سے مختلف مقامات پر پیڑ اکھڑنے، آبی جماؤ اور کئی انڈر پاس میں گاڑیوں کے ڈوبنے کے نظارے دیکھنے کو ملے۔

ممبئی میں ہوئی مانسون کی شدید بارش سے کئی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے اور سڑکوں پر جام کا مسئلہ پیدا ہو گیا ہے۔ مانسون سے پہلے ہی ہوئی زوردار بارش نے شہر کی تیاریوں کی ایک طرح سے پول کھول دی ہے۔ محکمہ موسمیات نے ممبئی اور مہاراشٹر کے دیگر حصوں کے لیے شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ اگلے کچھ گھنٹوں میں بارش مزید رفتار پکڑ سکتی ہے۔


کیرالہ میں شدید بارش کی وجہ سے عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ حالات کو دیکھتے ہوئے پانچ ضلعوں میں اسکولوں میں چھٹی کر دی گئی ہے۔ آئی ایم ڈی نے کیرالہ اور کرناٹک میں بارش کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ کیرالہ میں 26 اور کرناٹک میں 25 سے 27 مئی کے درمیان شدید بارش کا امکان ہے۔ وہیں محکمہ موسمیات نے مہاراشٹر، گجرات اور مراٹھواڑہ میں بھی پیر کو بادلوں کی گڑگڑاہٹ کے ساتھ آندھی طوفان اور بارش کے لیے الرٹ جاری کیا ہے۔

آئی ایم ڈی کے مطابق مانسون اتوار کو بحیرہ عرب کے کچھ اور حصوں، کرناٹک، گوا، مہاراشٹر کے کچھ حصوں، شمالی خلیج بنگال اور میزورم کے کچھ حصوں، منی پور اور ناگالینڈ کے کچھ حصوں تک پہنچ گیا۔ اس میں کہا گیا ہے کہ مانسون کی موجودہ شمالی سرحد دیوگڑھ، بیلگاوی، کاویری، مانڈیا، دھرم پوری، چنئی، آئزول اور کوہیما وغیرہ ہے۔


محکمہ موسمیات نے کہا، ’’مانسون کے وسطی بحیرہ عرب کے کچھ حصوں، ممبئی سمیت مہاراشٹر کے کچھ اور حصوں، بنگلورو سمیت کرناٹک، آندھرا پردیش کے کچھ حصوں، تمل ناڈو کے بقیہ حصوں، مغرب-وسط اور شمالی خلیج بنگال کے کچھ حصوں اور اگلے تین دنوں کے دوران شمال مشرقی ریاستوں کے کچھ حصوں میں آگے بڑھنے کے لیے حالات موافق ہیں۔‘‘

بتایا جاتا ہے کہ جنوب مغربی مانسون کے جلدی آنے میں کرہ ہوا اور سمندری حالات نے بڑا کردار ادا کیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بحیرہ عرب پر کم دباؤ کا علاقہ بنا ہے اور ودربھ تک ایک ٹرف لائن پھیلی ہے۔ یہ سسٹم نمی کو بڑھا رہے ہیں، جس کی وجہ سے برصغیر ہند میں مانسون تیزی سے آگے بڑھا۔ اس کے علاوہ معمول ENSO یعنی النینو سدرن آسلیشن حالات بھی دیکھی گئی تھی، جو عام یا مضبوط مانسون کے اشارے دیتی ہے۔ میڈیا رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ ہمالیائی علاقے میں گھٹی برف کی چادر بھی اس کی وجوہات میں شامل ہو سکتی ہے۔

مانسون کے جلدی آنے سے زراعت، ماہی پروری اور لائیو اسٹاک کے لیے فائدہ مند ہو سکتا ہے۔ مانسون کے لیے مواقف حالات سے یہ شعبے خود کو مشکل موسم کے لیے تیار کر سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔