ملک بھر میں مانسون سرگرم، یوپی-بہار سمیت کئی ریاستوں میں شدید بارش کا الرٹ، راجستھان میں سیلاب کی حالت
محکمہ موسمیات نے بہار، ہماچل پردیش اور مغربی مدھیہ پردیش میں تیز بارش کا آرینج الرٹ جاری کیا ہے۔ شدید بارش سے کئی شہروں کا حال بے حال ہو گیا ہے۔ کئی علاقوں میں سیلاب جیسے حالات بن چکے ہیں۔

بارش کی علامتی تصویر / آئی اے این ایس
ملک بھر میں مانسون سرگرم ہے۔ کہیں بارش سے راحت ہے تو کہیں یہ آفت بن کر لوگوں پر برس رہی ہے۔ مدھیہ پردیش، راجستھان سے لے کر بہار تک شہر شہر شدید بارش سے بے حال ہے۔ کئی جگہوں پر سڑکیں تالاب بن گئے ہیں تو کہیں دکانیں اور مکان سب پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ پہاڑی کے بعد میدانی علاقوں میں بھی کئی جگہ سیلاب کے حالات بن چکے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آج (30 جولائی) بھی کئی ریاستوں میں بھاری بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بہار، ہماچل پردیش اور مغربی مدھیہ پردیش میں تیز بارش کا آرینج الرٹ جاری کیا ہے۔ ہماچل پردیش کے منڈی میں پیر کی رات بادل پھٹنے سے تباہی مچ گئی ہے۔ چنڈی گڑھ-منالی شاہراہ سمیت ہماچل کی 358 سڑکیں بند ہیں۔ آج بھی چمبا، کانگڑا، کُلّو اور منڈی میں تیز بارش کا الرٹ ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں میں مدھیہ پردیش کے مندسور، نیمچ، گُنا، شیوپور، آگر، مالوہ اور راج گڑھ میں شدید سے انتہائی شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔
مشرقی راجستھان میں دو دنوں کا ریڈ الرٹ جاری ہوا تھا۔ آج بھی بیکانیر، جیسلمیر، باڑمیر سمیت 6 ضلعوں میں تیز سے بہت تیز بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ بھاری بارش کی وجہ سے سوائی مادھو پور میں سڑکیں تالاب بن چکی ہیں۔ کئی ضلعوں میں سیلاب کی حالت بن گئی ہے۔ گزشتہ کئی گھنٹوں سے ہو رہی بارش تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ ایسے میں انتظامیہ نے 14 ضلعوں میں 31 جولائی تک اسکول بند رکھنے کے حکم دیے ہیں۔
دہلی-این سی آر کے کئی علاقوں میں گزشتہ دن تیز بارش دیکھنے کو ملی تھی۔ آج بھی دن بھر آسمان میں بادل چھائے رہنے کے آثار ہیں۔ ساتھ ہی کچھ جگہوں پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ خاص طور پر وِہار، جنوبی دہلی، پیتم پورہ، لکشمی نگر، روہنی، شمالی دہلی سمیت دیگر جگہوں پر ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کی امید ہے۔
محکمہ موسمیات نے اتر پردیش کے 35 ضلعوں میں بارش کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ ان میں زیادہ تر مغربی اتر پردیش کے اضلاع شامل ہیں۔ جھانسی، للت پور، مہوبا، حمیر پور، اُرئی اور آگرہ میں تیز بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سہارنپور، شاملی، مظفر نگر، مراد آباد، رام پور، بجنور، امروہا، بدایوں، بریلی، ہردوئی، اُنّاؤ، فتح پور، باندا، چترکوٹ، کانپور، اوریہ، قنوج، فرخ آباد، مین پور، فیروز آباد، کاسگنج، ایٹاوہ، علی گڑھ، ہاتھرس، متھرا، بلند شہر، سنبھل اور ہاپڑ سمیت آس پاس کی جگہوں پر ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔