بہار: رنگداری دینے سے منع کرنے پر شرپسندوں نے کر دی محمد جمال کی لنچنگ

واقعہ پیر کی شام کا ہے۔ محمد جمال کچھ گایوں کو لے کر کمید پور جا رہا تھا۔ کچھ لوگوں نے لابھا پل کے پاس روک کر اس سے رنگداری کا مطالبہ کیا۔ رنگداری نہیں دینے پر لوگوں نے جمال کے ساتھ مار پیٹ شروع کر دی

تصویر اے آئی این ایس
تصویر اے آئی این ایس
user

قومی آوازبیورو

موب لنچنگ کے بڑھتے واقعات کے درمیان بہار کے ضلع کٹیہار سے ایک شخص کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق کچھ لوگوں نے ایک شخص کی بے رحمانہ پٹائی صرف اس لیے کر دی کیونکہ اس نے رنگداری دینے سے انکار کر دیا تھا۔ مہلوک شخص کی شناخت حاجی پور باشندہ محمد جمال کی شکل میں ہوئی ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولس جائے واردات پر پہنچی اور لاش کو اپنے قبضے میں لے کر پوسٹ مارتم کے لیے بھیج دیا ہے۔ معاملہ درج کر کے پولس نے تفتیش بھی شروع کر دی ہے۔

خبروں کے مطابق واقعہ پیر کی دیر شام کا ہے۔ محمد جمال کچھ گایوں کو لے کر کمید پور جا رہا تھا۔ اسی دوران کچھ لوگوں نے لابھا پل کے پاس روک کر اس سے رنگداری کا مطالبہ کیا۔ رنگداری نہیں دینے پر لوگوں نے جمال کے ساتھ مار پیٹ شروع کر دی۔ بری طرح سے زخمی جمال کو کچھ لوگوں نے ہیلتھ سنٹر میں داخل کرایا گیا جہاں سے ڈاکٹروں نے اسے صدر اسپتال ریفر کر دیا۔ اس کی موت صدر اسپتال لے جانے کے دوران ہی ہو گئی۔


جمال کی موب لنچنگ سے ناراض لوگوں نے منگل کی صبح لاش کو سڑک پر رکھ کر ٹریفک جام کیا اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ سڑک جام کی خبر ملنے کے بعد ایس ڈی او نیرج کمار اور مفصل تھانہ انچارج اپنی پولس ٹیم کے ساتھ وہاں پر پہنچے۔ پولس نے سخت مشقت کے بعد لوگوں کو سمجھا بجھا کر معاملہ کو ختم کرایا۔ پولس نے بتایا کہ جمال کے گھر والوں کے بیان کے بعد کیس درج کر لیا گیا ہے۔ قصورواروں کی تلاش جاری ہے اور پولس چھاپہ ماری بھی کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 13 Nov 2019, 9:10 AM