بی جے پی اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے تشدد بھڑکاتی ہے: تیجسوی

آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت پر تیجسوی یادو نے الزام عائد کیا ہے کہ وہ حال ہی میں 14 دنوں کے بہار دورہ پر آئے اور اپنے لوگوں کو فساد کے لیے تیار کیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

پٹنہ: بہار اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر تیجسوی یادونے ریاست کے کئی اضلاع میں ہوئے تشدد کے لئے بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جےپی ) کو ذمہ دار قراردیا اورکہا کہ روزگار سمیت دیگر اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے ایسا کیا جارہا ہے۔

تیجسوی یادو نے آج یکے بعد دیگرے کئی ٹویٹ بھی کیے اور بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’ہم نوجوانوں کو ملازمت اور بے روزگاروں کوروزگار دینے کی بات کرتے ہیں تو بی جے پی توجہ ہٹانے کے لئے تشدد بھڑکاتی ہے ۔‘‘ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو بتانا چاہئے کہ انھوں نے بی جے پی کے منشور میں کئے گئے کتنے وعدے ابھی تک پورے کئے ہیں۔ وزیراعظم بتائیں کہ آخر انھوں نے نوجوانوں کو دھوکہ کیوں دیا۔

ایک دیگر ٹویٹ میں مسٹر یادو نے کہا کہ ’’میری بہار کے سبھی دلت، مہادلت، پسماندہ اور انتہائی پسماندہ طبقات کے بھائیوں سے گزارش ہے کہ وہ جاگیرداروں کا مہرہ بننے سے بچیں۔ وہ سبھی پسماندہ ہندؤوں کو لڑا کر اقتدار پر قبضہ کر کے منووادی اور برہمن وادی نظام کو پوری جارحیت کے ساتھ نافذ کرنا چاہتے ہیں۔ ان کے ناپاک عزائم سے محتاط رہنا ہوگا۔ سبھی کو مل کر پرامن طریقہ سے رہنا ہے کیونکہ ذات پات اور نسل پرست سنگھی ہمیں تقسیم کرکے حکومت کرنا چاہتے ہیں۔ یہ ہمارے حقوق پر بات نہیں کرنا چاہتے بلکہ ہمیں دوسرے معاملات میں الجھائے رکھنا چاہتے ہیں ۔‘‘

بہار کے مختلف اضلاع میں پیدا تشدد کے لیے انھوں نے آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ”موہن بھاگوت حال ہی میں 14 دن کے لیے بہار آئے تھے۔ ان 14 دنوں میں انھوں نے رام نومی میں کس طرح فساد برپا کیا جائے، اس کا ٹریننگ دیا۔ اب لوگوں کو ان کے بہار دورہ کا اصل ایجنڈا پتہ چل رہا ہے۔“

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔