سڑک حادثہ میں بال بال بچے محمد اظہرالدین، ڈھابے میں گھس گئی بے قابو کار

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہرالدین کی گاڑی آج حادثے کا شکار ہو گئی۔ تسلی بخش بات یہ رہی کہ اس حادثے میں محمد اظہرالدین بال بال بچ گئے۔

محمد اظہرالدین، تصویر آئی اے این ایس
محمد اظہرالدین، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہر الدین آج ایک حادثہ میں بال بال بچ گئے۔ خبروں کے مطابق محمد اظہرالدین کی کار حادثہ کا شکار ہو گئی، جس میں وہ بیٹھے ہوئے تھے۔ کار بے قابو ہو کر ایک ڈھابے میں گھس گئی۔ حادثہ راجستھان کے لال سوٹ کوٹہ میگا ہائی وے پر سوروال تھانہ کے پاس ہوا۔ بتایا جا رہا ہے کہ اظہر الدین اپنی فیملی کے ساتھ نئے سال کا جشن منانے کے لیے رنتھمبور جا رہے تھے۔ اسی دوران کار بے قابو ہو کر پھول محمد چوراہے پر موجود ایک ڈھابے میں گھس گئی۔ اس حادثہ میں ڈھابے پر کام کر رہا شخص زخمی بھی ہو گیا۔

حادثہ کے بعد وہاں لوگوں کی بھیڑ جمع ہو گئی، لیکن جب پتہ چلا کہ کار میں خود اظہرالدین بیٹھے ہیں، تو لوگ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے۔ زخمی نوجوان کو علاج کے لیے ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حادثہ کے بعد ڈی ایس پی نارائن تیواری موقع پر پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا۔ خبروں کے مطابق اظہر الدین کے ساتھ کار میں بیٹھے ایک شخص کو بھی ہلکی پھلکی چوٹ لگی ہے۔ بہر حال، محمد اظہرالدین یہاں سے دوسری گاڑی لے کر اہل خانہ کے ساتھ ہوٹل پہنچے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔