مودی کے وعدے جھوٹے،کانگریس ہی کسانوں کی سچی خیرخواہ: راہل گاندھی

کانگریس کسانوں کے مفاد کے لئے تاریخی کام کرنے جارہی ہے۔ مرکز میں حکومت بنی تو اس بار دو بجٹ ہوں گے، جس میں ایک ملک کا بجٹ ہوگا تو دوسرا کسانوں کا بجٹ ہوگا۔

کانگریس صدر راہل گاندھی
کانگریس صدر راہل گاندھی
user

یو این آئی

بارہ بنکی: وزیر اعظم نریندر مودی پر جھوٹے وعدے اور عام آدمی کو پریشان کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کانگریس صدر اہل گاندھی نے کہا کہ ان کی پارٹی کسانوں اور غریب طبقے کے فلاح کے لئے ہر ممکن اقدام کرے گی۔ پارٹی کے سینئر لیڈر پی ایل پنیا کے بیٹے اور کانگریس کے بارہ بنکی سے امیدوار کی حمایت میں منعقد ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے پیر کو کہا کہ بی جے پی گذشتہ لوک سبھا انتخابات میں کیے گئے ایک بھی وعدے کو پورا کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ اس حکومت نے ملک کے صرف 15 لوگوں کا بھلا کیا ہے۔جبکہ کسان، مزدور اور نوجوان پہلے سے ہی پریشان ہے۔

راہل گاندھی نے کہا کہ کانگریس کسانوں کے مفاد کے لئے تاریخی کام کرنے جارہی ہے۔ مرکز میں حکومت بنی تو اس بار دو بجٹ ہوں گے۔ جس میں ایک ملک کا بجٹ ہوگا تو دوسرا کسانوں کا بجٹ ہوگا۔ ملک میں کسی بھی کسان کو قرض واپس نہ کرنے کے پاداش میں جیل نہیں جانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ روزگار دینے کا وعدہ کرنے والی مودی حکومت گذشتہ پانچ سال میں ایک لاکھ نوجوان کو بھی نوکری نہیں دے سکی ہے وہیں نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کی وجہ سے غریب اور کسانوں کو بینکوں کی قطار میں کھڑا کردیا گیا ہے۔ جی ایس ٹی نافذ ہونے سے کاروبار بری طرح سے متاثر ہوا ہے۔

کانگریس صدر نے کہا کہ ا ن کی پارٹی اگر اقتدار میں آتی ہے تو غریب لوگوں کے لئے کم از کم آمدنی گارنٹی اسکیم شروع کی جائے گی۔ دنیا کی سب سے بڑی اس اسکیم کے تحت ملک کے تقریباً 20 فیصدی خاندانوں یعنی پانچ کروڑ لوگوں کو کم از کم آمدنی کے طور پر سالانہ 72000 روپئے دیئے جائیں گے۔ یہ رقم خواتین کے کھاتے میں بھیجی جائے گی۔ غربیوں کی فلاح کے لئے شروع کی گئی اس اسکیم سے ملک کی معیشت پر کسی قسم کا کوئی اضافی بوجھ نہیں پڑے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔