مودی نے قطر کے امیر سے دوحہ حملے پر تشویش کا اظہار کیا
واضح رہے کہ اسرائیل نے منگل کو قطر میں شدت پسند تنظیم حماس کے ٹھکانوں پر بمباری کی تھی اور یہ پہلا موقع ہے جب اسرائیل نے قطر میں کوئی کارروائی شروع کی ہے۔

قطر کے دارالحکومت دوحہ پر اسرائیلی حملے کے ایک دن بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے بات کی اور واقعہ پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ہندوستان قطر کی خودمختاری کی خلاف ورزی کی مذمت کرتا ہے اور سفارت کاری کے ذریعہ مسائل کے حل کی حمایت کرتا ہے ۔بدھ کی شام بات چیت کے بعد وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ امیر الثانی کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت میں انہوں نے واضح کیا کہ ہندوستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہے۔
انہوں نے کہا ’’قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے بات کی اور دوحہ میں ہوئے حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ ہندوستان قطر کی خودمختاری کی خلاف ورزی کی مذمت کرتا ہے۔ ہم بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعہ مسائل کے حل اور کشیدگی کو بڑھنے سے روکنے کی حمایت کرتے ہیں۔ ہندوستان دہشت گردی کے خلاف خطے میں امن اور استحکام کے لیے مضبوطی سے کھڑا ہے۔‘‘
وزیراعظم کے دفتر نے کہا کہ وزیراعظم نے دوحہ میں حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور قطر کی خودمختاری کی خلاف ورزی کی مذمت کی۔ وزیراعظم نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے ثالثی کی کوششوں اور تمام یرغمالیوں کی رہائی سمیت علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں قطر کے رول کی ستائش کی۔
وزیر اعظم مودی نے بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعہ سبھی امور کو حل کرنے اور کشیدگی کو بڑھنے سے روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہندوستان خطے میں امن و استحکام اور ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف مضبوطی سے کھڑا ہے۔
شیخ تمیم نے قطر اور اس کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ہند-قطر اسٹریٹجک پارٹنرشپ میں مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے اپنے عہد کا اعادہ کیا۔ انہوں نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔ واضح رہے کہ اسرائیل نے منگل کو قطر میں شدت پسند تنظیم حماس کے ٹھکانوں پر بمباری کی تھی اور یہ پہلا موقع ہے جب اسرائیل نے قطر میں کوئی کارروائی شروع کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔