مودی جی! آپ نے تو سالانہ 2 کروڑ ملازمتیں دینے کا وعدہ کیا تھا، 8 سال کی 16 کروڑ ملازمتیں کہاں گئیں؟ کھڑگے کا سوال

وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے 71000 افراد کو تقرری نامے جاری کرنے پر کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے اسے ’اونٹ کے منہ میں زیرہ قرار دیتے ہوئے پوچھا کہ 8 سال کی 16 کروڑ ملازمتیں کہاں گئیں؟

ملکارجن کھڑگے / آئی اے این ایس
ملکارجن کھڑگے / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے ملک میں بے روزگاری کو لے کر ایک بار پھر مودی حکومت پر حملہ بولا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کر کے کہا ’’مودی جی! سرکاری محکموں میں 30 لاکھ عہدے خالی ہیں۔ آج آپ جو 71000 تقرری نامے تقسیم کر رہے ہیں وہ صرف 'اونٹ کے منہ میں زیرہ' ہیں! خالی آسامیوں کو پر کرنے کا عمل ہے۔ آپ نے سالانہ 2 کروڑ نئی نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا۔ نوجوانوں کو بتائیں کہ 8 سال کی 16 کروڑ نئی نوکریاں کہاں ہیں؟‘‘

خیال رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج جمعہ (20 جنوری 2023) کو ملک بھر کے 71000 نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں کے تقرری نامے سونپے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ان نوجوانوں کو خطوط سونپے۔ کانگریس صدر اسی پر تبصرہ کر رہے تھے۔


ملکارجن کھڑگے نے اس سے پہلے بھی کہا تھا کہ اقتدار میں آنے سے پہلے نریندر مودی نے وعدہ کیا تھا کہ ہر سال 2 کروڑ نوجوانوں کو نوکریاں دیں گے۔ مرکزی حکومت کی موجودہ 10 لاکھ اسامیوں کو پر کرنے کے بارے میں سوچنے میں انہیں آٹھ سال لگ گئے، اب پی ایم روزگار میلے کا انعقاد کر رہے ہیں۔ انہوں نے دہلی میں 75000 لوگوں کو تقرری نامے دیے تھے۔ اسی طرح گجرات میں 13000 اور جموں و کشمیر میں 3000 لوگوں کو تقرری نامے فراہم کئے گئے۔ آج جب لاکھوں نوجوان نوکریوں کی تلاش میں ہیں، وزیر اعظم چند ہزار کو تقرری کے خطوط تقسیم کر رہے ہیں۔

کانگریس صدر نے اپنے ایک اور بیان میں کہا تھا کہ ملک کے دیہی علاقوں میں ریکارڈ بے روزگاری ہے۔ سینٹر فار مانیٹرنگ انڈین اکانومی (سی ایم آئی ای) کے مطابق گزشتہ 6 سالوں میں دیہی بے روزگاری کی اوسط 7.02 فیصد ہے۔ نوجوان سرکاری نوکری کے لیے برسوں انتظار کرنے پر مجبور ہیں۔ یہ سب بی جے پی کی قوت ارادی میں کوتاہی اور جھوٹے وعدوں کی وجہ سے ہوا۔


انہوں نے مزید کہا تھا کہ بے روزگاری کی صورتحال اتنی سنگین ہے کہ اگنی پتھ اسکیم کے تحت 40 ہزار بھرتیوں کے لیے 35 لاکھ درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ اتر پردیش میں چند ہزار عہدوں کے لیے 37 لاکھ درخواستیں موصول ہوئیں۔ پوسٹ گریجویشن اور پی ایچ ڈی کرنے والے نوجوان بھی چھوٹی ملازمتوں کے لیے درخواست دے رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔